بھٹکل میں ینگ اسٹار کے نوجوانوں کا اہم اقدام، میت کو غسل دینے کے لیے انوکھے ٹینٹ کا ہوا افتتاح

بھٹکل 03/ دسمبر 2019(فکروخبر نیوز) شہر کے محی الدین اسٹریٹ کے نوجوانوں نے میت کو غسل دینے کے لیے ایک ٹینٹ بناکر اس سلسلہ میں پیش آنے والی عوامی دشواریوں کا حل نکال دیا ہے۔ ینگ اسٹار ٹیم سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے میت کو غسل دینے کے لیے ایسا ٹینٹ بنایا جس کو چاروں طرف سے بند کیا جاسکتا ہے اور اس میں چھ سے آٹھ افراد آسانی کے ساتھ کھڑے رہ کر میت کو غسل دے سکتے ہیں۔ ٹینٹ کی خاصیت یہ ہے کہ اس کو جہاں چاہے آسانی سے منتقل بھی کیا جاسکتا ہے اور دو سے تین منٹ کے اندراس کو نصب اور نکالا جاسکتا ہے۔ دھوپ اور بارش سے بچنے کے لیے موٹی ریگزین کا استعمال کیا گیا ہے جس کو سلائی کرکے مزید مضبوط بنادیا گیا ہے۔ ذمہ داروں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ اس طرح کے ہم پانچ ٹینٹ بنارہے ہیں تاکہ شہر میں جہاں کہیں بھی میت ہوجائے تو اس کا استعمال آسان ہوسکے۔ ٹینٹ پر دئیے گئے موبائل نمبرات سے رابطہ کرکے مفت میں ٹینٹ فراہم کیا جائے گا۔ کوئی نہ پہنچنے پر ٹینٹ پہنچانے اور نصب کرنے کے لیے ہمارے نوجوان بھی اپنی خدمات انجام دینے کے لیے تیار ہیں۔ ذمہ داروں میں سہیل کدری، ظہیر اور عاکف نے بتایا کہ ہم نے اس طرح کا ماڈل تیار کرکے شہر کے دیگر محلوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ بھی اس طرح کے انتظامات کریں تاکہ عوام کے لیے پریشانی نہ ہوں۔ اس کی ضرورت محسوس کیے جانے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اکثر دیکھا جاتا ہے کہ چادریں لگاکر میت کو غسل دیا جاتا ہے اور ایسے میں بے پردگی کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔ میت کو مکمل پردہ کے ساتھ غسل دینے کے لیے ہمارے نوجوانوں کو یہ ترکیب سوچی اور آج اس کے ایک ماڈل کا افتتاح ہورہا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ دیگر محلوں کے نوجوان بھی اپنے یہاں اس طرح کے انتظامات کرنے میں اپنی دلچسپی کا مظاہرہ کریں گے۔ 

Share this post

Loading...