بھٹکل 14؍جولائی 2024 : ضلع اترکنڑا کے مختلف تعلقوں میں آج طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ بھٹکل میں بھی آج صبح موسلادھاربارش ہوئی اور بعد عصر تیز ہوائیں چلیں جس کی وجہ سے نستار میں الفلاح مسجد کی چھت اڑگئی ہے اور ناریل کے درخت اور بجلی کے کھمبے کے درمیان اٹگ گئی ہے۔ یہ واقعہ شام پانچ بجے کا ہے جب اکثر لوگ عصر کی نماز سے فارغ ہونے کے بعد گھروں کو لوٹ چکے تھے اور کچھ لوگ تیز بارش کی وجہ سے مسجد کے صحن میں تھے۔
چھت اڑکر ایک بجلی کے کھمبے میں اٹک گئی ہے اور ایک طرف سے مسجد کے قریب میں واقع گھر پر گرگئی ہے جس سے گھر کی چھت کو بھی نقصان ہوا ہے۔
واضح رہے کہ موسلادھار بارش اور طوفانی ہواؤں کے پیشِ نظر ضلع اتراکنڑا کے بھٹکل، ہوناور، کمٹہ، انکولہ، کاروار، سرسی، سداپور، یلا پور، ڈانڈیلی اور جوئیڈا میں 15 جولائی بروز پیر کو ڈپٹی کمشنر نے چھٹی کا اعلان کیا ہے۔
Share this post
