عبادت گاہوں میں حکومتی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ اور مختلف مذاہب کے ذمہ داران کی خصوصی نشست، لاک ڈاؤن کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے پر دیا گیا بار بار زور

بھٹکل 05/ جون 2020(فکروخبر نیوز)  عبادت گاہیں عوام کے لئے کھلنے کے ساتھ ہی حکومتی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے آج اربن بنک کے ہال میں انتظامیہ اور مذاہب کے ذمہ داران کی مشترکہ نشست منعقد کی گئی جس میں افسران نے حکومتی ہدایات پر عمل درآمد کی یقینی بنانے پر زور دیا تو وہیں ذمہ داران نے ان باتوں پر عمل درآمد کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ 
    اے ایس پی نکھل بلارور نے کہا کہ بھٹکل میں لاک ڈاؤن میں نرمی صبح سات بجے سے شام سات بجے تک دی گئی ہے اور اسی کے مطابق عبادت گاہیں بھی کھلیں گی۔ عبادت گاہوں کے لئے حکومت کی طرف سے جاری ہدایات پر سختی سے عمل پیرا ہونا ضروری ہے اور ان عبادت گاہوں کی کمیٹیاں اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قوانین کے مطابق کارروائی بھی کی جائے گی۔ انہو ں نے ان عبادت گاہوں میں داخلہ سے قبل سینٹائزر کے استعمال اور تھرمل اسکریننگ کو بھی یقینی بنانے کی بات کہی۔ ہر آنے والے کے اسکریننگ کرکے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اسے بخار تو نہیں ہے۔ انہو ں نے مزید کہا کہ ایک ہی ساتھ عبادت گاہیں کھلنے سے بھیڑ جمع نہ کریں بلکہ سماجی دوری کو برقرار رکھیں اور خصوصاً مساجد میں ہر ایک کو آنے کا موقع دیں اور اس کے لئے ایسی ترتیب بنائیں کہ صبح آنے والا شام میں دوسرے کو موقع دے اور شام میں آنے والا صبح کے وقت دوسرے کو موقع دیں۔ انہو ں نے لاک ڈاؤن کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کے سلسلہ میں بار بار تذکرہ کیا۔ 
    اسسٹنٹ کمشنر بھرت ایس نے اپنی رائے پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کی نماز کے لئے خصوصی طور پر سماجی دوری کو برقرار رکھنے کو یقینی بنانے پر زور دیا او راس کے لئے انہوں نے اپنی رائے پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل میں جمعہ مساجد کی تعداد میں اضافہ کردیا جائے۔
میٹنگ میں انتظامیہ کے دیگر ذمہ داران کے ساتھ ساتھ مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل، مندر اور چرچوں وغیرہ کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔ 

 

Share this post

Loading...