بھٹکل 22/ مارچ 2020(فکروخبرنیوز) کرونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے وزیر اعظم مودی کی جانب سے اعلان کردہ جنتا کرفیو بھٹکل میں مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کی حمایت حاصل ہونے کے بعد مکمل طور پر کامیاب رہا۔ صبح ہی سے سڑکیں اورگلیاں سنسان رہیں ا ور آمدوروفت بالکل بند رہی۔ جنتا کرفیو کے اعلان کے بعد بھٹکل کے عوام کشمکش میں تھے کہ اس کا اثر کس طرح ہونے والا ہے،کل دیر شام مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کی جانب سے وھاٹس اپ پر ایک پیغام موصول ہوا جس میں بند کی حمایت کیے جانے اور دکانیں بند کرنے کی گذارش کی گئی تھی۔ فکروخبر نے اس کی تحقیق کے لیے تنظیم کے جنرل سکریٹری مولوی عبدالرقیب ایم جے ندوی سے رابطہ کیا جنہو ں نے اس خبر کے تصدیق کی۔ تنظیم کی طرف سے اعلان ہوتے ہی جملہ کاروباری مراکز اور دکانیں بند کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔
فجر کے بعد ہی سے چہل پہل نہ کے برابر رہی۔ لوگوں کا عام گمان تھا کہ دس بجے کے بعد کچھ چہل پہل نظر آنے کے امکانات ہیں لیکن دوپہر اور شام تک بھی سڑکوں پر کوئی چہل پہل نہیں رہی۔
شہر کے پرانے علاقہ میں واقع بازار مکمل طو رپر بند رہا۔ مچھلی مارکیٹ، گوشت مارکیٹ، ترکاری مارکیٹ بھی مکمل طو پر بند رہا۔ شہر کے دیگر علاقوں میں واقع دکانیں بھی مکمل طور پر بند رہیں حتی کے گلیوں کے نکڑوں پر واقع چھوٹی چھوٹی دکانوں نے بھی جنتا کرفیو کی مکمل حمایت کی۔
اس دوران کئی خبریں بھی وھاٹس اپ پر گردش کرنے لگی کہ جنتا کرفیو کے دوران باہر آنے پر اس کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی لیکن بعد میں یہ خبر جھوٹی ثابت ہوئی۔
Share this post
