بھٹکل 21؍ مئی 2023 (فکروخبرنیوز) بھٹکل میں چند سالوں سے پانی کے مسائل کا سامنا ہے۔ خاص کر گرمی کے دنوں میں یہ مسائل دوگنے ہوجاتے ہیں اور پانی کی کمی کی وجہ سے لوگ ان مسائل سے نمٹنے کی بھی بھرپور کوششیں کرتے ہیں۔ ادھر کچھ دنوں سے گرمی کی شدت میں اضافہ درج کیا گیا ہے اور یوں یہ مسائل بڑھتے ہی چلے جارہے ہیں۔ ایسے میں بعض اداروں اور اسپورٹس سینٹروں کی جانب سے مختلف علاقوں میں پانی فراہم کیا جارہا ہے اور آسانی کے لیے گھر گھر پہنچانے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
رابطہ سوسائٹی ، مولانا عبدالباری ٹرسٹ ، لبیک نوائط ، سلطانی کے ساتھ ساتھ مختلف اداروں اور اسپورٹس سینٹر پانی فراہم کررہے ہیں اور یوں ایک بڑی انسانی ضرورت پوری ہورہی ہے۔
سب سے خوش آئند بات یہ ہے کہ یہ ادارے اور اسپورٹس سینٹر مل جل کر ایک دوسرے کے تعاون کے ساتھ انسانی خدمت میں منہمک ہیں۔
لبیک اسوسی ایشن بھٹکل کے ایک ذمہ دارنے فکروخبر کو بتایا کہ اپنے اپنے علاقوں کے اسپورٹس سینٹر اپنے اپنے حدود میں پانی فراہم کررہے ہیں اور مذہب سے اوپر اٹھ کر انسانیت کی خدمت ک پیشِ نظر یہ کام کیا جارہا ہے۔ کسی کو پانی کی ضرورت ہو اور وہ کسی دوسرے علاقے کے اسپورٹس سے رابطہ کریں تو بجائے وہاں کے اسپورٹس سینٹر سے ان سے رابطہ کرنے کی بات کہنے کے خود پانی فراہم کرانے والے ہی اس علاقہ کے اسپورٹس سینٹر سے رابطہ کرتے ہیں اور اس انسان کی ضرورت پوری کی جاتی ہے۔
فی الحال بھٹکل میں بارش کے آثار نظر نہیں آرہے ہیں اور یوں محسوس ہورہا ہے کہ پانی کے یہ مسائل جلد عوام کا پیچھا چھوڑنے والے نہیں ہے۔
Share this post
