بھٹکل 29/ جولائی 2019(فکروخبر نیوز) شہر کے ویلفیر اسپتال میں منعقدہ دو روزہ امراضِ قلب کے کامیاب مفت کیمپ کے بعد کل شہر کے ڈاکٹروں اور این آر آئیس کے ساتھ رابطہ ہال میں خصوصی نشست کاانعقاد کیا گیا جس میں اس فری کیمپ کی مکمل تفصیلات بھی فراہم کی گئی۔ یاد رہے کہ یہ مفت طبی کیمپ ساحل آن لائن کی کوششوں کے بعد ویلفیر اسپتال میں منعقد کیا گیا تھا۔ اجلاس میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ڈاکٹر ظہیر کولا نے کہا کہ اس کیمپ سے دو سو سے زائد مریضوں نے فائدہ اٹھایا۔ اس کیمپ میں کالیکٹ کے میترا اسپتال کے امراضِ قلب کے مشہور ڈاکٹر، ڈاکٹر علی فیضل اور ڈاکٹر شاج الدین نے اپنی خدمات انجام دیں، کیمپ میں مریضوں کا اے سی جی کے ساتھ ساتھ مفت میں خون کی بھی جانچ کرائی گئی۔ اس کیمپ سے فائدہ اٹھانے والوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے کیمپ وقتاً فوقتاً منعقد ہونے سے مریضوں کے لیے کافی فائدہ ہوگا۔بعد عصر منعقدہ اس خصوصی اجلاس میں ڈاکٹر علی فیضل نے کئی مفید مشوروں سے نوازتے ہوئے میترا اسپتال کا مکمل تعارف پیش کیا۔ انہوں نے شہر میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوئی انتظام نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے انتظامات کے لیے وہ اپنا تعاون پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہو ں نے بھٹکل اور کالیکٹ کے لوگوں کے تعلقات پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بچپن ہی سے یہاں کے لوگوں کو جانتا ہے اور یہاں کے لوگوں سے میرے تعلقات قائم ہیں۔ڈاکٹر سریش نائک اور اجلاس میں موجود دیگر ڈاکٹروں نے بھی بھٹکل میں طبی میدان میں مزید ترقی دلانے کے لیے کوششیں کرنے پر زور دیا۔ پروگرام کا آغاز حافظ امین ذہیب کی تلاوت سے ہوا۔ ڈاکٹر ظہیر کولا نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور آفتاب ایم جے نے مہمانوں کے سامنے رابطہ سوسائٹی کا مختصراً تعارف پیش کیا۔ رابطہ کے جنرل سکریٹری جناب یونس قاضیا نے ڈاکٹر علی فیضل کا تعارف پیش کرتے ہوئے میترا اسپتال کے قیام پر انہیں مبارکبادی پیش کی اور کہا کہ خلیج میں قائم بڑے بڑے اسپتالوں جیسے انتظامات کرکے ڈاکٹر علی فیضل نے سبھوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔پروگرام کی صدارت رابطہ سوسائٹی کے صدر جناب زاہد رکن الدین نے انجام دئیے۔ واضح رہے کہ یہ پروگرام رابطہ سوسائٹی بھٹکل، ویلفیر اسپتال بھٹکل اور ساحل آن لائن کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا۔
Share this post
