بھٹکل میں عید الأضحیٰ کے دوسرے روز بھی بڑی تعداد میں اللہ کے حضور پیش کی گئی قربانی ، بارش کی وجہ سے آمدورفت رہی متأثر

بھٹکل 22؍ جولائی 2021(فکروخبرنیوز) شہر میں عید الأضحیٰ کے دوسرے دن بھی بڑی تعداد میں  جانور اللہ کی راہ میں قربان ہوئے تو وہیں آج قربانی  کے جانوروں کی خریدوفرخت میں ہلچل نظر آئی۔ وہ افراد جو پہلے سے قربانی کا ارادہ رکھتے تھے لیکن قیمتوں کے گرنے کے منتظر تھے انہوں نے بھی آج جانوروں کی خریداری کی۔ وہ لوگ بھی جانور خریدتے نظر آئے جنہوں نے قربانی کا ارادہ تو نہیں کیا تھا لیکن شہر میں کل ہوئی قربانی سے انہیں اللہ کی راہ میں جانور قربان کرنے کا جذبہ پیدا ہوا اور انہوں نے اللہ کی راہ میں قربانی پیش کی ۔ ایک شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی  شرط پر فکروخبر کو بتایا کہ وہ آج ایسے ہی بکرے دیکھنے کے ارادے سے منڈی گیا اور وہاں بکرے دیکھتے اس کے دل میں قربانی کا جذبہ پیدا ہوا۔ اسی نیت سے اس نے بکرے دیکھے تو ایک فربہ بکرا پسند آیا اور فو راً کچھ پیشگی رقم دے اسے بُک کرلیا اور آج دوپہر اس کی قربانی عمل میں لائی۔

عید کے دوسرے دن قربانی کے دوران صبح سے بارش کا سلسلہ بھی لگاتار جاری رہا۔ صبح کے اوقات میں کچھ وقت کے لیے بارش رکی لیکن اس کے بعد شام تک مسلسل بارش ہوتی رہی۔ درمیان میں موسلادھار بارش بھی دیکھنے کو ملی۔

بارش کی وجہ سے کئی علاقوں کی سڑکوں کا بُرا حال ہورہا ہے اور وہاں کی عوام مسلسل سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ کررہے ہیں۔

Share this post

Loading...