بھٹکل 13 مارچ 2023(فکروخبرنیوز) بھٹکل میں گذشتہ دو روز سےجاری بجلی کی آنکھ مچولی سے یہاں کی عوام پریشان ہے۔ گرمی کی شروعات ، مچھروں کی بھرمار اور پھر بچوں کے امتحانات جیسے اہم ترین مسائل کے دوران جب بجلی نہیں رہے گی تو عوام کو جس طرح کی پریشانیاں ہورہی ہیں وہ ظاہر ہے۔
سنیچر کی پوری رات بجلی نہ ہونے سے جو پریشانی ہوئی اسے صبح تک عوام نے کسی طرح برداشت کرلیا لیکن جب دوسرے روز بھی یعنی اتوار کی رات ساڑھے آٹھ بجے کے قریب بجلی غائب ہوگئی تو سوشیل میڈیا پر تبصروں کا بازار گرم ہوگیا۔ ہر کوئی اپنے اپنے حساب سے اس پر تبصرہ کررہا تھا لیکن سبھوں کو بجلی کے آنے کا انتظار تھا۔ کسی طرح ساڑھے گیارہ بجے کے قریب بجلی کے ساتھ ہی لوگوں کی جان میں جان آگئی لیکن آج دن بھر یہی حال دیکھ کر عوام خاصی پریشانی کا شکار ہیں ۔
جب سوشیل میڈیا پر عوام بجلی نہ ہونے پر اپنی ناراضگی کا اظہار کررہے تھے تو مختلف لوگ اس کے جوابات بھی دے رہے تھے۔ اس دوران ایک ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں صاف طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے کے ای بی کے افسران سے ملاقات کی اور عوام کو ہونے والی پریشانی سامنے رکھی۔
KEB افسران کی جانب سے سوشیل میڈیا پر دی گئی جانکاری کے مطابق شہر کے ہیبلے گرام پنچایت حدود میں واقع 5MVA پاور ٹرانسفارمر میں خرابی کے باعث بار بار بجلی چلی جارہی ہے۔ کل رات اسے درست کرنے کی کوشش کی گئی اور جب تک درست ہو مرڈیشور مین لائن پر بھٹکل کی لوڈ شیڈنگ ڈالی گئی اور آج ہبلی سے ایک ٹیم بھٹکل پہنچی جس نے باریکی سے ٹرانسفارمر کا جائزہ لیا اور اسے درست کرنے کی کوشش کی لیکن اس کے باوجود بھی اس میں خرابی برقرار ہے۔ افسران کے مطابق نیا ٹرانسفارمر ہبلی اور بلاری وغیرہ سے لایا جاتا ہے جو فی الفور ممکن نہیں ہے اس کے لیے دو دن کا وقت درکارہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاملہ جلد حل ہونے والا نہیں ہے۔ ہم نے فی الحال مرڈیشور اور دیگر علاقوں سے متبادل انتظام کیا ہے لیکن اس میں بھی وولٹیج کا مسئلہ درپیش ہوتا ہے ، کبھی مکسی آن نہیں ہوتا ہے تو کبھی فریج بھی چل نہیں سکتا ہے۔ انہوں نےعوام سے گذارش کی ہے کہ وہ اس معاملہ میں افسران کا تعاون کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جلد ہی اس مسئلہ کو حل کیا جائے گا۔
Share this post
