بھٹکل 05/ مئی 2020(فکروخبر نیوز) شہر میں بیس روز کے بعد کورونا کا ایک مریض سامنے آنے کے بعد لاک ڈاؤن میں سختی برتی گئی۔ آج صبح جب ایک اٹھارہ سالہ لڑکی میں کورونا مرض کے پائے جانے کی تصدیق ہوگئی تو پولیس نے مستعدی دکھائے ہوئے علاقوں کو سیل کردیا اور ہر آنے جانے والے پوچھ تاچھ شروع کردی گئی۔ دیکھتے دیکھتے ہی سڑکوں سے سواریاں غائب ہوگئیں اور پھر ایک بار بھٹکل پر کورونا نے خوف پھیلادیا۔ گذشتہ بیس روز سے شہر میں کورونا کا ایک بھی معاملہ سامنے نہیں آیا تھا جس کے بعد سمجھا یہ جارہا تھا کہ بھٹکل کنٹمینٹ زون سے نکل کر جلد ہی گرین زون میں آجائے گا اور لاک ڈاؤن 3کے اصولوں کے مطابق یہاں بھی آمدورفت کی اجازت دی جائے گی لیکن نئے معاملہ نے سب کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ کل تک جو لوگ یہاں کے مقامی ذمہ داروں کو لاک ڈاؤن میں چھوٹ نہ دئیے جانے پر آڑے ہاتھوں لے رہے تھے آج وہ اپنے وھاٹس اپ پر چپی سادھے ہوئے ہیں اور منٹوں میں ایک گروپ سے دوسرے گروپ میں بے دھڑک اپنے خیالات کا اظہار کرنے والوں پر پوری طرح لاک ڈاؤن کی صورتحال ہے۔
نئے معاملہ نے سبھوں کے ہوش اڑادئیے۔
تازہ معاملہ نے بھٹکل کے عوام کے ہوش اڑادئیے۔ عام طو رپر یہ دیکھا جاتا ہے کہ کورونا مریض کے رابطہ میں آنے یا پھر کورونا کے زیادہ پھیلاؤ والے علاقہ سے سفر کرکے آنے والوں میں کورونا کا مرض پایا جاتا ہے لیکن آج تازہ معاملہ میں کوئی سفر کی تاریخ نہیں ہے اور نہ ہی وہ کسی کے رابطہ میں تھی۔ خبروں کے مطابق اس کی بہن چند روز پہلے ایک اسپتال گئی تھی جہاں پر کو رونا کے مریض پائے گئے تھے۔ سمجھا یہ جارہا ہے کہ اس کی بہن سے اس لڑکی میں کورونا مرض منتقل ہوگیا اور اس کی بہن میں شاید اثرات ختم ہوگئے۔اس خبر کے سامنے آنے کے بعد تشویش یہ پائی جارہی ہے کہ اس مرض نے بھٹکل کا پیچھا نہیں چھوڑا ہے۔ اگر اگلے دنوں میں احتیاطی تدابیر کو اختیار نہیں کیا گیا ہے اور حالیہ دنوں کی طرح غفلت برتی گئی تو پھر سے کورونا کے خوف کے سایہ تلے جینا مجبور ہوجائے گا۔
رکن اسمبلی سنیل نائک نے لوگوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی
رکن اسمبلی سنیل نائک نے افسران کے ساتھ میٹنگ کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تازہ معاملہ کے سامنے کے بعد ہمیں مزید احتیاطی اختیار کرنا ہوگا اور غفلت سے باہر نکلنا ہوگا۔ بغیر ماسک کے کوئی بھی شخص گھروں سے باہر نہ نکلے اور سڑکوں پر نکلنے سے جس طرح گریز کرتے ہیں اسی طرح گلیوں میں جمع نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا صرف اہم شاہراہ کی سڑکوں پر نہیں ہے۔احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کی وجہ سے وہ کسی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ اس لیے سب سے پہلے ہمیں احتیاطی تدابیر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔
Share this post
