بھٹکل 16؍ مئی 2023 (فکروخبرنیوز) کانگریس پارٹی کی جانب سے تقسیم شدہ کانگریس گیارنٹی کارڈ کو لے کر لوگ الجھن کا شکار ہوگئے۔ کانگریس نے کرناٹک میں پانچ اہم انتخابی وعدے کیے ہیں اور کانگریس کے قدآور لیڈر راہل گاندھی ، ڈی کے شیوا کمار سمیت کئی لیڈران نے اپنے انتخابی تشہیر کے دوران ان پانچ وعدوں کا تذکرہ کیا۔ انتخابات جیتنے کے بعد بھی راہل گاندھی نے اپنے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پہلی کابینہ کی میٹنگ میں ان پانچ وعدوں کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
کانگریس پارٹی کی جانب سے ڈی کے شیوا کمار اور سدارامیا کے دستخط شدہ گیارنٹی کارڈ انتخابات سے قبل تقسیم کیے گئے اور گھر گھر ان پانچ وعدوں کی تشہیر کی گئی۔ بھٹکل میں بھی انتخابات سے قبل یہ کارڈ تقسیم کیے گئے اور لوگوں نے اسے بڑی حفاظت سے رکھا۔ یہاں کے لوگ اس وقت الجھن کا شکار ہوگئے جب کانگریس کی جیت کے بعد بعض افراد کی جانب سے کارڈ کی تقسیم کی گئی جس سے لوگوں نے اپنے طور پر سمجھ لیا کہ اس کارڈ میں موجود نام اور ایڈریس کے ساتھ بقیہ تفصیلات کا ایک فارم پر کرنے پر ہی ان پانچ اسکیموں سے فائدہ اٹھایا جاسکے گا۔
فکروخبر نے پارٹی کے قریبی ذرائع سے اس کارڈ کی حقیقیت معلوم کی تو انہوں نے بتایا کہ حکومت بننے کے بعد ان پانچ اسکیموں کی تفصیلات سامنے آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس کا یہ کارڈ صرف تشہیر کے لیے تھا۔ اس بات میں کوئی سچائی نہیں ہے کہ جس کے پاس کارڈ نہیں ہوگا وہ اسکیم سے محروم رہے گا۔ اب یہ کارڈ رکھنا اور نہ رکھنا دونوں برابر ہے۔
Share this post
