بھٹکل، اڈپی اورمنگلور سمیت کیرلا میں روزے داروں نے پورے کیے تیس روزے، ملک بھر میں بروز بدھ منائی جائے گی عید

بھٹکل 04/ جون 2019(فکروخبر نیوز)  کرناٹک کے ساحلی علاقوں سمیت کیرلا میں آج بروز منگل تیس روزے مکمل ہوگئے اور کل بروز بدھ یہاں پر عید منائی جائے گی۔ ملک کے دیگر شہروں میں آج چاند کی رؤیت ثابت ہوئی اور ملک بھر میں بروز بدھ کو عید الفطر کا اعلان کیا گیا۔ بھٹکل میں عید الفطر تیس رمضان کے بعد منائے جانے کی وجہ سے صبح سے ہی رمضان بازار میں بھیڑ نظر آئی اور بڑی تعداد میں لوگوں نے خریداری کی۔دوسری جانب ملک کے دیگر شہروں اور علاقوں میں آج انتیس روزے مکمل ہوگئے لیکن اکثر شہروں میں چاند نظر آیا اور رؤیت ثابت ہونے پر وہاں کے قاضیوں نے کل بروز بدھ عید الفطر کا اعلان کیا۔
بھٹکل میں عید الفطر عیدگاہ میں ادا کی جائے گی
    گذشتہ چار سالوں سے بھٹکل میں عید الفطر کے موقع پر بارش کا موسم رہنے کی وجہ سے عید الفطر جمعہ مساجد میں ادا کی جاتی تھی۔ اس مرتبہ بارش کے آثار نہ ہونے کی وجہ سے عید گاہ کمیٹی نے عید کی دوگانہ عیدگاہ میں ادا کیے جانے کا اعلان کیا گیا اور اس کے لیے آٹھ بجے کا وقت مقرر کیا گیا ہے جس کی امامت امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی فرمائیں گے۔ آج بروز منگل بھٹکل میں آسمان ابر آلود رہا لیکن کسی بھی علاقہ سے بارش کی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔عید گاہ کمیٹی نے عید گاہ میں تمام تر انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ صفائی ستھرائی کے بعد عید گاہ کے عقبی حصہ میں موجود جگہ پر بھی قبلہ کی نشاندہی کرتے ہوئے مارکنگ کی گئی ہے۔عید گاہ میں جگہ ناکافی ہونے کی وجہ سے نیو انگلش میڈیم اسکول کے گراؤنڈ پر بھی نماز کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔ ادھر نور مسجد سے ملنے والی سڑک پر صفیں بنائی جائیں گی۔ توقع ہے کہ قریب پندرہ سے بیس ہزار لوگ کل بھٹکل میں عید کی دوگانہ ادا کریں گے۔

Share this post

Loading...