بھٹکل: 29/ جنوری 2020(فکروخبر نیوز) بہوجن کرانتی مورچہ کی جانب سے سی اے اے، این آر سی او راین پی آرکے خلاف بھارت کی حمایت آج بھٹکل میں نمایاں طور پر نظر آئی۔ یہاں کے سماجی وفلاحی ادارے مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل نے بند کو کامیاب بنانے کی اپیل کی تھی جس پر مسلمانوں نے اپنا پورا کاروبار بند رکھا۔ دکانیں اور کاروباری مراکز پر تالے نظر آئے اور سڑکیں بھی سنسان رہیں۔ آمدوروفت بالکل نہ کے برابر رہی۔ مقامی لوگوں نے خریدوفروخت بھی نہیں کی۔ اکثر تعلیمی اداروں میں چھٹی رہی اور نجی دفاتر بھی بند رہے۔
بند کا اثر صاف طور پر سڑکوں پر نظر آیا۔ مسلم طبقہ نے اپنی رکشہ سرویس مکمل طو ر بند رکھیں۔ دیگرطبقات کے افراد نے اپنا کاروبار اور رکشہ سرویس جاری رکھی لیکن رکشہ پر سوار نظر نہیں آئے۔
بند کا اثر مچھلی اور ترکاری مارکیٹ پر بھی خاصا نظر آیا۔ مچھلی مارکیٹ میں جہاں صبح سے لے کر دوپہر تک مچھلیاں خریدنے والوں کی ایک بڑی تعداد بھاؤ تاؤ کرتی نظر آتی ہے آج نہ ہونے سے مچھلی مارکیٹ بالکل سنسان نظر آیا۔
پرانے شہر میں دکانیں بند ہونے سے یہاں آمدوروفت نہ کے برابر رہی۔ محمد علی روڈ، بمبئی بازار، کار اسٹریٹ، گوشت مارکیٹ وغیرہ مکمل طور پر بند رہا۔ اس کے ساتھ ساتھ شمس الدین سرکل، نوائط کالونی، مدینہ کالونی، آزاد نگر، بندر روڈ، ساگر روڈ پر بھی واقع مسلم طبقہ کی دکانیں مکمل طور پر بند رہیں۔
Share this post
