بھٹکل 13؍ جون 2023 (فکروخبرنیوز) ساحلی کرناٹک میں عموماً جون کے مہینہ میں مانسون کا آغاز ہوجاتا ہے۔ ویسے تو یہاں 15 مئی کے بعد بارش شروع ہوجاتی ہے لیکن 7 جون مانسون کے آغاز کی تاریخ ہے لیکن اس مرتبہ اس میں بڑا فرق دیکھنے میں آرہا ہے۔
15 مئی کے بعد وقفہ وقفہ سے ہونے والی بارش کی وجہ سے عوام کو پانی کی کمی سے ہورہی پریشانیوں سے نجات مل جاتی تھی اور جون کے آغاز کے ساتھ کنوؤں میں اتنا پانی آجاتا تھا جس سے روز مرہ کی ضروریات پوری ہوسکے لیکن اس مرتبہ حالات بالکل الٹ گئے ہیں۔ آج جون کی 13 تاریخ ہے لیکن اس کے باوجود کئی علاقوں میں اب بھی ٹینکروں اور دیگر سواریوں کے ذریعہ پانی فراہم کیا جارہا ہے اور اس کے لیے سماجی تنظیمیں اور اداروں کی خدمات لائقِ تحسین ہیں۔
طوفان بپر جوئے کی وجہ سے خیال ظاہر کیا جارہا تھا کہ اس طوفان کے ساتھ بارش کا آغاز ہوجائے گا لیکن یہ خیال غلط ثابت ہوا۔
وقت پر بارش نہ ہونے کے کئی اسباب ہوسکتے ہیں لیکن ان میں ایک اہم سبب تعلق مع اللہ میں کمزوری بھی ہے۔ بارش نہ ہونے کے بعد لوگوں کا ذہن ادھر ادھر کی باتوں کی طرف تو جاتا ہے لیکن تعلق مع اللہ کی مضبوطی کے بارے میں سوچنے والے اور اس کے لیے بہت کم لوگ فکر مند نظر آرہے ہیں۔ مختلف جمعہ مساجد میں خطباء نے اپنے جمعہ بیانات میں اس طرف کئی مرتبہ توجہ دلائی ہے اس کے باوجود مسجدوں کے حال سے ہم سبھی واقف ہیں۔
Share this post
