بھٹکل 31/ اگست 2019(فکروخبر نیوز) دو روز سے تعلقہ میں جاری موسلادھار بارش کا سلسلہ آج شام تک جاری رہا۔ عصر کے بعد جاری بارش نے مغرب کے بعد موسلادھار رخ اختیار کیا جس کی وجہ سے پھر ایک مرتبہ پانی نالیوں میں بھرگیا۔جامعہ اسلامیہ بھٹکل سمیت دیگر مدارس کے ایل کے جی اور یو کے جی کے طلباء کو چھٹی دی گئی۔ مدارس اور اسکول کے ثانویہ اور عالیہ درجات میں تعلیم معمول کے مطابق جاری رہی۔ جمعہ کی صبح سے سنیچر کی صبح آٹھ بجے تک چوبیس گھنٹوں میں بھٹکل میں 156ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ جمعہ کے روز مضافاتی تعلقہ ہوناور میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔ منکی میں تیز بارش کی وجہ سے اہم شاہراہ سے متصل محی الدین مسجد کے سامنے کا نالہ بھرگیا جس سے مصلیوں کو آمدروفت میں پریشانیوں کا سامناکرنا پڑا۔اسی طرح ہوناور روشن محلہ کے سرکاری اسکول کے احاطہ میں پانی بھرگیا۔ اسکول کے ہیڈ ماسٹر عبدالقیوم نے ہوناور بی ای او سے رابطہ کرنے کے بعد پہلی سے چوتھی جماعت کے طلباء کو چھٹی دے دی گئی۔ تعلقہ میں مزید بارش کے امکانات کا اظہار کیا جارہا ہے۔
Share this post
