بھٹکل میں صبح سے ہورہی بارش :  اگلے تین روز بارش جاری رہنے کے امکانات

بھٹکل 23/ اکتوبر 2019(فکروخبر نیوز)  گذشتہ دو روز سے چل رہی بارش نے آج صبح ہی سے شدت اختیار کرتے ہوئے موسلادھار روپ اپنالیا۔ کل رات شہر میں ہلکی بارش ہوئی۔ صبح نو بجے کے قریب شروع ہوئی بارش رات تک بھی چلتی رہی۔ صبح کے اوقات ہی میں اس نے موسلادھار رخ اختیار کرلیا تھا۔ آج شہر میں بارش کی وجہ سے جگہ جگہ پانی ٹہراہو ا ہے۔ لوگو ں کو آمدورفت میں دقتیں بھی پیش آئیں لیکن کہیں پر بھی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بارش کا سلسلہ مزید تین روز تک جاری رہے گا۔ سبھی متعلقہ حکام کو الرٹ جاری کیا گیا ہے اور ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے پوری تیاریاں کی جاچکی ہیں۔ بارش کو دیکھ کر ایسے محسوس ہورہا ہے کہ جون کا مہینے میں بارش ہورہی ہے۔ عوام اس بارش سے جہاں حیراں ہیں وہیں اسے فصل کے لیے نقصان دہ بھی قرار دے رہی ہے۔ بھٹکل اور اس کے اطراف کے علاقوں میں دھان کی فصل تیار ہوچکی ہے۔ ایسے میں زیادہ مقدار میں بارش کی وجہ سے اسے شدید نقصان کے خطرات کسانوں پر منڈلارہے ہیں۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مبصرین کا ماننا ہے کہ اس طرح کی بارش آئندہ دنوں میں ہوتی رہے گی تو فصلوں کو تباہ کردے گی اور ایک مرتبہ پھر عوام کو مہنگائی کی مار جھیلنے کے لیے تیار ہونا پڑے گا۔ 

Share this post

Loading...