بھٹکل 20؍ جولائی 2021(فکروخبرنیوز) بھٹکل میں اس مرتبہ بکروں کی منڈی زوروں پر ہے۔ ان ایام میں جگہ جگہ بڑے جانور بندھے نظر آتے تھے لیکن اس مرتبہ ہر جگہ بکرے ہی بکرے۔ مختلف ریاستوں کے مختلف اقسام کے بکرے منڈی میں دستیاب ہیں جن کی قیمتیں بھی مختلف ہیں۔
کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن نے معاشی حالات کی کمر توڑ دی ہے لیکن بکروں کی منڈیاں دیکھ کر ہر کوئی حیرانی کا اظہار کررہا ہے ۔ بکروں کے فروخت کے لیے مختلف مقامات پر شیڈ لگائے گئے ہیں جہاں صبح سے شام تک لوگوں کا ہجوم نظر آرہا ہے۔ آج 9 ،ذی الحجہ کو صبح سے ہی ان مقامات پر لوگوں کی خوب آمدورفت رہی۔ بکروں کی قیمتیوں میں بے پناہ اضافہ کی وجہ سے متوسط طبقہ قربانی کے تعلق سے بڑا فکر مند ہے۔ چار سو سے ساڑھے چار سو روپئے اور اس سے اوپر بھی فی کلو بکرا فروخت کیا جارہا ہے۔ ساڑھے چارسو روپئے فی کلو کے حساب سے پچاس کلو کا بکرا بائیس ہزار روپئے میں فروخت ہورہا ہے۔
گذشتہ سالوں میں بڑے جانوروں کی قربانی کے اجازت کی وجہ سے بڑی تعداد میں بڑے جانورشہر میں لائے گئے تھے جس سے متوسط طبقہ کو قربانی میں بڑی آسانی ہوتی تھی لیکن اس مرتبہ حالات مختلف ہیں۔ بکروں کی ان قیمتوں کو دیکھ کر متوسط طبقہ بھی قربانی کے تعلق سے پس وپیش میں ہے۔
عوام کی زبانی یہ باتیں بھی سننے کو مل رہی ہیں کہ بڑی تعداد میں بکرے شہر پہنچ چکے ہیں جسے دیکھتے ہوئے خیال کیا جارہا ہے کہ دوسرے اور تیسرے دن بکروں کی قیمتوں میں کمی بھی واقع ہوسکتی ہے لیکن اس بات میں کہاں تک سچائی ہے یہ تو آنے والے دنوں میں معلوم ہوجائے گا۔
Share this post
