بھٹکل 09/ جولائی 2019(فکروخبر نیوز) بھٹکل اور ہوناور تعلقوں میں بار بار بجلی کٹوتی کا مقامی ایم ایل اے نے نوٹس لیتے ہوئے افسران کو سخت آڑے ہاتھوں لیا۔ ہوناور کے ہیسکام دفتر میں پہنچ کر افسران سے با ربار بجلی کٹوتی کی وجوہات جاننے کی کوشش کرتے ہوئے پہلے سے اس کے سدباب کے لیے کی جانے والی کوششوں پر کئی سوال کھڑے کیے۔ یاد رہے کہ بھٹکل کے ساتھ ساتھ ہوناور تعلقہ میں بجلی کی بار بار کی کٹوتی سے یہاں کی عوام کافی پریشانیوں کا سامنا کررہی ہے۔ قریوں کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں میں بجلی کی بار بار کٹوتی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے اورعوام ہر وقت یہی محسوس کررہی ہے کہ کسی کام کے لیے بجلی پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔ ایم ایل اے سنیل نائک نے دفتر پہنچ سخت الفاظ میں کہا کہ ایسے بے توجہی سے کام کرنے کا کوئی معنی ومطلب نہیں ہے۔ آپ کے بے ترتیبی سے کام کرنے سے لوگوں کو جو پریشانیاں ہورہی ہیں اس کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔ بعض قریوں میں کئی روز تک بجلی کٹوتی سے ان کی پریشانیاں بیان سے باہر ہیں اور لوگ اب آپے سے باہر ہوگئے ہیں۔ افسران نے اس کی وجوہات بیان کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی بحالی کے لیے ان کی طرف سے کوششیں جاری ہیں۔ طوفانی ہواؤں کی وجہ سے بجلی کے کھمبے اور درخت اکھڑگئے ہیں اور بجلی کی بحالی فوری طور پر ممکن نہیں ہے لیکن اس کے باوجود ہمارا عملہ کام میں مصروف ہے۔ اس جواب پر سنیل نائک نے دوبارہ سوالات کی بوچھار کردی۔ افسران سے پوچھا کہ گرمی کے موسم میں بجلی کے تار کی تبدیلی کی بات کہہ کر آپ بجلی کاٹ دیتے تھے اور پہلے سے کام کرنے کے باوجود اب لوگوں کے لیے مسائل کیوں کھڑے ہورہے ہیں۔ کھمبے اور درخت گرنے کی خبر ملتے ہی آپ متعلقہ مقام پر کیوں نہیں پہنچ پاتے۔ انہو ں نے کہا کہ آئندہ بجلی کٹوتی کے متعلق کسی بھی طرح کی شکایات برداشت نہیں کی جائیں گی۔ بجلی کٹوتی کی شکایتیں دوبارہ موصول ہونے پر میں صبح سے لے کر شام تک اسی دفتر میں بیٹھ کر آپ کے کام کا جائزہ لوں گا اور اپنی ذمہ داری انجام نہ دینے والے عملہ کے خلاف مجبوراً کارروائی کرنی پڑے گی۔
Share this post
