بھٹکل 15 نومبر 2021 (فکروخبرنیوز/ ذرائع) آج شہر میں شام کے وقت موسلادھار بارش ہوئی ۔ نومبر میں ہوئی بارش سے لوگوں نے اپنے حیرت کا اظہار کیا ۔ لوگوں کو یہ کہتے ہوئے سناگیا کہ اکتوبر میں کبھی بارش ہوتی ہے تو کبھی دھوپ نکلتی ہے لیکن امسال نومبر میں بھی بارش ہورہی ہے جس کی وجہ سے آنے والے دنوں میں مہنگائی آسمان کو چھوسکتی ہے۔ آج صبح میں موسم خوشگوار رہا۔ تیز دھوپ بھی نکلی لیکن دوپہر میں موسم نے اچانک کروٹ لی۔
ضلع کے دیگر تعلقوں سے بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے بھی پیش گوئی کی ہے۔ کل 16 نومبر کو تیز بارش ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔ کرناٹک کے ساحلی اضلاع جنوبی کنڑا، اترا کنڑا اور اڈپی میں بارش بھی بارش ہوئی۔ بنگلورو میں 20 سے 25 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت کے ساتھ دن بھر ابر آلود موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کرناٹک کے ساحلی اور ملناڈ اضلاع شیموگا، چکمگلور، ہاسن اور جنوبی کرناٹک کے بیشتر اضلاع میں بارش جاری رہے گی۔ مسلسل بارش کی وجہ سے چامراج نگر ضلع میں سوورناوتی آبی ذخائر میں پانی کی سطح 11 سال بعد زیادہ سے زیادہ سطح پر پہنچ گئی۔ حکام نے بتایا کہ آبی ذخائر کے دو کرسٹ گیٹس سے 900 کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ دریں اثنا ریاست کے 14 سے زیادہ اضلاع میں گزشتہ ہفتے سے ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے اب تک ریاست میں 4 افراد کی موت ہو چکی ہے اور 15 سے زیادہ مکانات منہدم ہو چکے ہیں۔ منڈیا، میسورو، چامراج نگر، چکمگلور، ہاسن، کوڈاگو، چتردرگا، شیوموگا، داونگیرے، جنوبی کنڑ، اڈپی، اترا کنڑ اضلاع میں لگاتار بارش نے عام زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے۔ چتردرگا ضلع کے ہوچی بورانہٹی گاؤں میں اتوار کو بارش کی وجہ سے پڑوسی مکان کی دیوار گرنے سے ایک حاملہ خاتون سمیت چار افراد کی موت ہو گئی۔ پچھلے ہفتے لگاتار بارش کے بعد بنگلورو کا موسم جمعرات کو تقریباً 18 ڈگری سیلسیس تک گر گیا، تقریباً 7 ڈگری کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ۔ اس وقت آئی ایم ڈی نے کہا کہ بنگلورو شہر میں جمعرات کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ بارش خلیج بنگال میں ایک دباؤ کا نتیجہ تھی جس کی وجہ سے چنئی اور تمل ناڈو کے کچھ حصوں میں بھی شدید بارشیں اور سیلاب آیا۔
Share this post
