بھٹکل 07/ جون 2020(فکروخبر نیوز) بھٹکل میں 9 جون سے عوام کے لئے مسجدیں کھلنے کے اعلان کے ساتھ ہی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ اعلان کے ساتھ ہی عوام کو اپنی روح کی تسکین کا سامان مل گیا اور اب بھٹکل میں جوق در جوق عوام مساجد کا رخ کرتے نظر آئیں گے۔ گذشتہ دو ماہ سے زائد مدت سے عوام کے لئے مسجدوں میں باجماعت نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے جملہ عبادت گاہوں میں عقیدتمندوں کے اجتماع پر پابندی عائد کردی تھی،اس کے بعد علماء کے مشورے کے بعد چار سے پانچ افرادکو مسجد میں باجماعت نماز ادا کرنے کی اجازت دی گئی او ربقیہ لوگوں سے گھروں میں باجماعت نماز ادا کرنے کی گذارش کی گئی تھی۔
آج مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل میں قاضی صاحبان، علماء، دونوں جماعتوں کے ذمہ داران اور تنظیم کے ذمہ داران کی ایک نشست منعقد ہوئی جس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ بھٹکل میں 9جون سے مساجد کھلیں گے اور اس کے لئے تنظیم نے ایک گائیڈ لائن بھی جاری کی۔
تنظیم کے اعلان کے منظر عام پر آتے ہی دوماہ سے زائد مدت سے مساجد کی صاف صفائی کا کام کیا جارہا ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش جارہی ہے کہ تنظیم کی طرف سے جاری کردہ گائیڈلائن پر پوری طرح عمل ہوسکے۔
Share this post
