بھٹکل میں 77.42 فیصد پولنگ : اکثر علاقوں میں پرامن پولنگ تو بعض جگہوں سے کانگریس اور بی جے پی کارکنان کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات

بھٹکل 10؍ مئی 2023 (فکروخبرنیوز) کرناٹک میں آج ہوئے اسمبلی انتخابات اختتام کو پہنچ گئے۔ اس مرتبہ یہ انتخابات ایک ہی مرحلہ میں ہو ئے جس کے لیے صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک کا وقت متعین کیا گیا تھا۔

بھٹکل میں کانگریس ، بی جے پی ، عام آدمی پارٹی اور جے ڈی ایس پارٹیوں کے امیدواروں سمیت کل نو امیدوار میدان میں تھے۔ اکثر جگہوں سے  پر امن  پولنگ کی اطلاعات ہیں ، بعض علاقوں سے جھڑپوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں لیکن پولیس کی بر وقت کارروائی کی وجہ سے پولنگ کے لیے کسی بھی طرح کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ کئی جہگوں سے سست پولنگ اور مشین خراب ہونے کی بھی خبریں موصول ہوئیں۔ پولنگ کا فیصد 77.42 رہا۔

مٹھلی گرام پنچایت میں کانگریس اور بی جے پی کے کارکنان اس وقت آمنے سامنے ہوگئے جب کانگریس کے امیدوار منکال وئیدیا جائزہ لینے پہنچے۔ اس وقت بی جے پی کی جانب سے نعرہ بازی کی گئی جس کا کانگریس کارکنان نے منکال ویئدیا زندہ باد کے نعرے سے دیا۔ پولیس کے بروقت اقدامات کی وجہ سے معاملہ یہیں پر ختم ہوگیا۔

کئی بوتھوں سے سست پولنگ اورمشین خراب ہونے کی خبریں بھی موصول ہوئیں۔ تینگن گنڈی سرکاری اسکول میں جاری پولنگ بوتھ کے سامنے اس وقت لمبی قطار دیکھنے کو ملی جب مشین نے کام کرنا بند دیا۔ افسران کے مطابق بیٹری کا پروبلم ہونے کی وجہ سے قریب ایک گھنٹہ تک پولنگ بند رہی جس کے بعد قطار میں کھڑے بعض افراد گھروں کولوٹ گئے۔ اسی طرح کی خبریں حنیف آباد پولنگ بوتھ سے بھی موصول ہوئیں ہیں۔

جامعہ آباد میں سست پولنگ کی وجہ سے آخری وقت میں لمبی قطار دیکھنے میں آئیں۔ مقامی لوگوں کی مانیں تو صبح سے ہی یہاں پولنگ سست روی کا شکار رہی جس کی وجہ سے آخری وقت میں بڑی تعداد میں لوگ پولنگ بوتھ کے باہر کھڑے نظر آئے۔ گرمی کی وجہ سے لوگوں کا حال بے حال ہوگیا۔ سخت گرمی کے باوجود لوگوں نے ووٹ ڈال کر ہی دم لیا۔ سیکوریٹی پر مامور افسران نے چھ بجے سے قبل گیٹ کے اندر داخلہ ہونے کے والوں کے بارے میں واضح انداز میں کہا کہ جتنا بھی وقت لگے گیٹ کے اندر موجود سبھی لوگوں کو ووٹ ڈالنے کا موقع ضرور دیا جائے اور ان کی اس یقین دہانی کے بعد برقعہ پوش خواتین سمیت مرد حضرات بھی وہیں کھڑے رہے اور شام سات بجے تک پولنگ کا عمل جاری رہا۔

Share this post

Loading...