بھٹکل 21؍ دسمبر 2021(فکروخبرنیوز) شہر میں حافظِ قرآن بننے کی خبریں گردش کرتی رہتی ہیں لیکن ایک ساٹھ سالہ خاتون کا حفظِ قرآن کی تکمیل کرنا قرآن مجید کا کھلا معجزہ ہے۔
آج بروز منگل بعد نماز عصر آزاد نگر فرسٹ کراس انفا بلڈنگ میں تکمیل حفظ قرآن کا جلسہ منعقد ہوا جس میں آزاد نگر فرینڈس اسوسی ایشن کے زیر اہتمام انفا بلڈنگ میں خواتین کے لیے جاری حفظ کلاس میں قرآن پاک حفظ کرنے والی ایک ساٹھ سالہ خاتون(جناب جوباپو شبر صاحب کی اہلیہ)کا جامعہ الصالحات کی معلمات کے ذریعے حفظ قرآن مکمل کرایا گیا اور ختم قرآن کی دعا ہوئی۔ اس جلسہ میں بطور مہمان خصوصی جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے مہتمم مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی اور شہر کے مشہورعالم دین جناب مولانا محمد صادق صاحب اکرمی ندوی نے شرکت فرمائی۔ اس موقع پر مہتمم جامعہ نے حافظ ہونے والی عمر رسیدہ خاتون اور اس کے شوہر اور ان کے پورے خانوادہ کو مبارک باد پیش کی اورکہا کہ ایک طرف علاقہ کے مرد خواتین اور چھوٹوں بڑوں میں حفظ قرآن کا رجحان بڑھ رہا ہے وہیں موبائیل وغیرہ کی وجہ سے گھروں میں تلاوت قرآن پاک کا اہتمام کم ہوتا جارہا ہے ۔ مولانا صادق اکرمی ندوی نے حافظ و غیر حافظ خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ خواتین مہینے کے اپنے مخصوص ایام میں قرآن سے اپنا رشتہ قرآن کی تلاوت سے برقرار نہیں سکتی تو قرآن مجید کی تلاوت کو سن کر اپنے اس وابستگی کو برقرار رکھ سکتے ہیں ۔ خواتین کی کثیر تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی ۔
واضح رہے کہ آزاد نگر فرینڈس اسوسی ایشن کے زیر اہتمام عصر بعد تقریباً تین سال سے چلنے والے اس حفظ کلاسس میں چھوٹی بڑی خواتین کی ایک بڑی تعداد شرکت کررہی ہیں اور ان کے حفظ کا سلسلہ جاری ہے ۔الحمد للہ انفا کے زیر اہتمام حافظ ہونے والی یہ تیسری خاتون ہے۔ اسی طرح ایس ایس ایل سی اور اس سے اوپر کے درجات میں زیر تعلیم بچوں کے لیے بھی انفا کے زیر اہتمام مسجد طوبیٰ میں بعد مغرب وعشاء تقریباً ایک سال سے حفظِ قرآن کا سلسلہ جاری ہے۔
Share this post
