بھٹکل 15/ اگست 2019(فکروخبر نیوز) صبح کے اوقات میں ہورہی موسلادھار بارش کے باوجود یومِ آزادی کی مناسبت سے شہر کے سرکاری وغیر سرکاری اداروں میں تہترویں یومِ آزادی کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ شہر کے اسٹیڈیم (وائی ایم ایس اے گراؤنڈ) میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی جہاں اسسٹنٹ کمشنر ساجد ملا نے قومی پرچم لہرایا اور ملک کی آزادی کے لیے قربانی دینے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ جھنڈے کو سلامی دینے کے بعد پولیس اہلکاروں اور مختلف اسکولوں کے اسکواڈ نے بھی جھنڈے کو سلامی دی۔ اس موقع پر انہو ں نے خطاب کرتے ہوئے آزادی کے لیے کوششیں کرنے والوں کا خصوصی طور پر تذکرہ کیا اور کہا کہ ملک کے لیے قربانی دینے والوں کے نتیجہ میں ہمیں انگریزوں سے آزادی ملی ہے۔ 1947ء سے قبل ہمارے ملک پر انگریزوں کا قبضہ تھا جنہو ں نے یہاں کے باشندوں کی آزادی چھین لی تھی۔ تجارت کے بہانے سے اس ملک میں داخل ہونے والو ں نے آہستہ آہستہ ملکی امورمیں مداخلت شروع کردی اور ایک دن انہو ں نے یہاں کی حکومت کا خاتمہ کرتے ہوئے اپنی حکومت قائم کردی۔ ایم ایل اے سنیل نائک نے بھی مجاہدین آزادی کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو یاد کیا۔ اس موقع پر ایس ایس ایل سی اور دیگر شعبوں میں بہترین نمبرات حاصل کرنے والے طلباء اور طالبات کو اسناد اور خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔اسٹیج پر مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور ذمہ داران موجود تھے۔ اسی طرح دیگر تنظیموں کے عہدیداروں اور اراکین نے بھی شرکت کرتے ہوئے ملک کے لیے آزادی دینے والوں کی قربانیوں کو یاد کیا ۔
Share this post
