بھٹکل : مسجد طوبیٰ میں فلسطین کی تاریخ اور موجودہ حالات پر منعقد ہوا پروگرام

بھٹکل08؍ نومبر 2023(فکروخبرنیوز) آزاد نگر فرینڈس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مسجد طوبیٰ میں کل بعدِ عصر اور بعدِ عشاء دو نشستوں میں فلسطین کی تاریخ اور اس کے موجودہ حالات پر ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

پروگرام میں کلیدی خطاب مولانا محمد الیاس ندوی بانی وجنرل سکریٹری مولانا ابوالحسن علی ندوی ندوی وعلی پبلک اسکول بھٹکل کا رہا جس میں انہوں نے قرآن مجید کی روشنی میں یہودیوں کی حقیقت بیان کی اور دنیا میں اس قوم کے باقی رکھنے کی وجوہات پر بھی روشنی ڈالی۔ مولانا نے عہد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں بھی یہودیوں کی غداری اور مشرکین مکہ کے ساتھ ساز باز کرتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف انہیں جمع کرنے میں ان کے کردار کو بھی مفصل انداز میں بیان کیا۔ اس کے بعد مولانا نے فلسطین میں یہودیوں کی بازآباد کاری کے لیے کی گئی کوششوں کے ضمن میں کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت یہودیوں کو یہاں آباد کیا گیا جس کے بعد مسلمانوں کو یہاں سے بے دخل کرنے کے لیے ظلم وستم کا لا متناہی سلسلہ شروع ہوا جو آْج تک جاری ہے۔ مولانا نے کہا کہ فلسطین پہلے بھی مسلمانوں کا تھا اور آج بھی مسلمانوں کا ہی چاہے پوری دنیا اس کے مخالف ہوجائے۔

مولانا سالک ندوی استاد جامعہ واسلامیہ بھٹکل وامام مسجد ھدیٰ بھٹکل نے پروجیکٹر اسکرین کے ذریعہ تصاویر کی مدد سے فلسطین کی تاریخ پ روشنی ڈالی اور ایک ایک مقام کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کی مفصل تاریخ بیان کی۔ مولانا نے غلط فہمیوں کا ازالہ کرتے ہوئے تصاویر کی مدد سے اس کی حقیقت سے آگاہ کیا جسے حاضرین نے بہت ہی پسند کیا۔ مولانا کے اس چالیس منٹ پر مشتمل محاضرہ کی خاص بات یہ رہی کہ انہوں نے شروع سے لے کر آخر تک بہت ہی واضح اور مثالوں کے ساتھ اپنی بات حاضرین کے سامنے رکھی۔

مولانا عبدالحسیب منا ندوی استاد مکتب جامعہ اسلامیہ وامام مسجد طوبیٰ نے اس پروگرام کے انعقاد کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ خصوصاً نوجوانوں کو فلسطین کی تاریخ سے آگاہ کرنے کے لیے اسے ترتیب دیا گیا۔ اسی طرح گھر گھر فلسطین کی تاریخ پر مشتمل سوالات کا فارم تقسیم کرنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوا کہ خواتین کو بھی فلسطین کی تاریخ سے واقفیت حاصل ہوئی جس کی ترتیب یہ کی گئی تھی کہ پروگرام کے دوروز قبل آزاد نگر کے  ہر گھرمیں فلسطین کی تاریخ پر مشتمل سوالات کا فارم دیا گیا تھا۔ جس کا بڑا اچھا ریسپانس رہا اور تقریباً ساڑھے چار سو سے زائد فارم انہیں موصول ہوئے جن میں سے صحیح جوابات دینے والوں کو انعامات سے نوازا گیا ۔ اسی طرح آزاد نگر کی تیرہ مساجد کے شبینہ مکاتب کے درمیان کوئز مسابقہ کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں اول مقام مسجد عبدالعزیز ، دوم مسجد ھدیٰ اور سوم مقام مسجد طوبیٰ کے نام رہا۔

Share this post

Loading...