بھٹکل07؍فروری 2021(فکروخبرنیوز) شہر میں اہم شاہراہ 66 نوائط کالونی میں مرین کٹے کی منتقلی اور غیر منتقلی کا تنازعہ ابھی ختم ہی نہیں ہوا تھا کہ اس کو لے کر ایک اور واقعہ شہر میں پیش آیا ہے جس کے بعد اس واقعہ پر گہرے افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے اور پولیس سے سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے شہر کے امن وامان کو نقصان پہنچانے والی حرکت قرار دیا گیا ہے ۔
مجلس اصلاح وتنظیم کی جانب سے اسی واقعہ کے تعلق سے ایک پریس میٹ کی گئی جس میں اس واقعہ کے چشم دید گواہ جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے تمام تفصیلات سامنے رکھی۔ انہوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ جمعہ کی رات کوسموس کبڈی کے اختتام کو پہنچنے کے بعد گھر لوٹنے کے دوران مرین کٹے کے قریب پولیس کی وین کی موجودگی میں ایک شخص مرین کٹے لکھے گئے بورڈ کو نکالنے کی کوشش کررہا تھا۔ وہ فوری طورپر اپنی سواری روک کر اس شخص کے پاس گئے اور اس کی وجہ پوچھی۔ موقعہ ہی سے اعلیٰ پولیس اہلکاروں سے رابطہ کرنے کے بعد اسے پولیس کے حوالے کردیاگیا۔ جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے مزید بتایا کہ دوسرے دن پولیس نے دفعہ 107 کے تحت معاملہ درج کرنے کے بعد اسے رہا کردیا جس پر افسوس ہے۔ پولیس کو چاہیے تھا کہ اس معاملہ کی پوری تحقیقات کرتی اور اس نوجوان کو اس کام پر اکسانے والوں کا پردہ فاش کرتی، اس کے ساتھ ساتھ اس کا فون کال ٹریس کرکے اس سے رابطہ کرنے والوں کو سامنے لانے کی کوشش کرتی لیکن موقع پر موجود پولیس وین کے باوجو داس طرح کی حرکتیں شہر کے امن وامان کو خطرہ میں ڈال سکتی ہیں۔ انہوں نے پولیس کی جانب سے کارروائی نہ کیے جانے کے بعد ان سے کل سنیچر کو ملاقات کیے جانے کی تفصیلات سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ ہم نے سی پی آئی سے بھی ملاقات کرکے اس امن وامان بگاڑنے والے شخص سے سخت تفتیش کرنے کی مانگ کی ہے جس کے بعدخبر ملی ہے کہ پولیس نےامن وامان بگاڑنے کی دفعہ اس شخص پر عائد کردی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تنظیم کی جانب سے پولیس تھانہ میں اس پورے معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے معاملہ درج کرلیا گیا ہے ۔
Share this post
