بھٹکل میں کل رات منعقد ہوا خوبصورت مشاعرہ ، الطاف ضیاء  سمیت سفیان پرتاب گڑھی ، سندر مالیگاؤں ، شکیل مالیگاؤں ، نجمِ حسن پرتاب گڑھی اور سمیع اللہ برماور نے پیش کیا اپنا کلام ، رحمت اللہ راہی کی نظامت رہی لاجواب

marhaba mushayrah, bhatkal mushayarah, sundar maligao, alfaf ziya, najme hasan partab gadhi, sufyan partabdaghi, adnan partabdaghi, smiullah barmawar,bhatkal, urdu mushayarah,

بھٹکل09؍ دسمبر2021(فکروخبرنیوز) شہر میں کل اردو اور نوائطی ادب کی ایک شام ایسی سجائی گئی جس سے اردو اور نوائطی ادب کے شائقین نے جی بھر کر لطف اٹھایا اور اپنے ادبی ذوق کو مہمیز کیا۔

بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن منیری نے اپنی دختر کے عقد سعید کی مناسبت سے محفل یاراں کے نام سے اپنی رہائش گاہ مرحبا میں ایک خوبصورت مشاعرہ کا انعقاد کیا جس میں عالمی شہرت یافتہ شعراء نے اپنے کلام سے نوازا اور سامعین کو خوب محظوظ کیا۔ شعراء کی فہرست میں مشہور شاعر الطاف ضیاء ، ہزل کے لیے اپنی شاعری کے حوالہ سے جانے پہچانے شاعر جناب شکیل بھارتی مرحوم ، طنزو مزاح میں اپنے اشعار سے حاضرین کے لبوں پر قہقہے جاری کرنے کا فن رکھنے والے جناب سندر مالیگاؤں ، اسی طرح ملکی سیاست کے حوالے سے اپنے اشعار کے ذریعہ سیاستدانوں کو آئینہ دکھانے کے لیے عوام کے جذبات کی ترجمانی کرنے والے جناب نجمِ حسن پرتاب گڑھی ، سفیان پرتاب گڑھی اور عدنان پرتاب گڑھی نے اپنے کچھ نئے اور پرانے اشعار کے ذریعہ مشاعرہ کے حسن کو دوبالاکردیا۔

نوائطی کے مشہور شاعر جناب سمیع اللہ برماور نے سہرہ کے ذریعہ دلہا اور دلہن کو اپنی سوغاتیں پیش کیں تو حال ہی میں وفات پانے والے مشہور شاعر جناب عبداللہ رفیق صاحب کے کلام کے ذریعہ مشاعرہ میں ایک نئی رو ح پھونکی۔

مولانا رضوان سکری ندوی نے بھی اپنی آواز کا جادو دکھایا تو مولانا زفیف شینگیری ندوی نے مولانا ثانی حسنی رحمۃ اللہ علیہ کے نعتیہ اشعار کے ذریعہ شروع ہی میں مشاعرہ میں جان ڈال دی۔

جناب رحمت اللہ راہی صاحب کی نظامت کا کیا کہنا۔ دنیا بھر کے مشاعرہ میں اپنا کلام سنانے والے شعراء جب ان کے نظامت کو سلام پیش کریں تو یہ بات ہی ان کے لیے سند کا درجہ رکھتی ہے۔ انہوں نے اپنی نظامت کے دوران سامعین کو کبھی غزل تو کبھی گیت کے ذریعہ مختلف پیغامات بھی دئیے۔

جناب عتیق الرحمن منیری صاحب نے شعراء کے ساتھ ساتھ تمام حاضرین کا استقبال بھی کیا اورپروگرام کے آخر میں شکریہ کلمات ادا کرتے ہوئے اس بات کے عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان شاء اللہ اس طرح کے مشاعرے آئندہ بھی منعقد کیے جاتے رہیں گے۔

پروگرام کا آغاز ہود کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، شروع میں نظامت کے فرائض جواد سکری نے انجام دیئے۔

Share this post

Loading...