بھٹکل مخدوم کالونی جماعت کی جانب سے تعمیر شدہ اسکول کا 1.68 لاکھ روپئے کا کرایہ باقی ، عدالت نے اشیاء ضبط کرنے کا حکم صادر کیا

بھٹکل 28؍ اکتوبر 2021(فکروخبرنیوز) جماعت المسلمین مخدوم کالونی کی جانب سے سرکاری اراضی پر تعمیرشدہ اسکول کا کرایہ باقی رہنے کی وجہ سے عدالت نے آج جمعرات کوکل ایک لاکھ اڑسٹھ ہزار نو سو ستر روپئے ادا نہ کرنے پر اسکول کی اشیاء ضبط کرنے حکم صادر کیا جس میں کمپیوٹر ، کرسیاں، گاڑی اور فرنیچر بھی شامل ہیں۔

جماعت المسلمین مخدوم کالونی کے صدر جناب صادق مٹا نے فکروخبر کو بتایا مذکورہ جماعت نے 1972 میں سرکاری اراضی پر ایک اسکول تعمیر کیا تھا اور اس وقت ماہانہ 100 کرایہ طئے کیا گیا ۔ سن 1983عیسوی میں مزید پانچ کمرے کا اضافہ کیا گیا اور کرایہ میں ماہانہ 200 روپئے کا اضافہ کیا گیا۔ اس کے بعد 1998 عیسوی میں آٹھ ہزار آٹھ سو روپئے سالانہ کرایہ طئے کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے کرایہ ادا کیا جاتا رہا لیکن اس کے بعد 2012 سے اب تک کسی بھی طرح کا کرایہ ادا نہیں کیا گیا ہے۔ ہم نے ان سے مل کر اس تعلق سے بات چیت بھی کی لیکن انہوں نے کرایہ ادا نہیں کیا جس کے بعد ہم نے عدالت کا سہارا لیا۔ 2018 میں عدالت نے 1.49 لاکھ روپئے کا کرایہ ادا کرنے حکم دیا لیکن محکمۂ تعلیم کی جانب سے کرایہ ادا نہیں کیا گیا۔ اب عدالت سے دوبارہ رجوع ہونے پر عدالت نے اسکول میں موجود اشیاء ضبط کرنے کا حکم صادر کیا۔

آج شام بی ای او نے کمپیوٹر میں اسکولوں کے دستاویزات ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے آج پھر مہلت مانگی جسے دیکھتے ہوئے آئندہ مہینے 30 تاریخ تک تمام پیسے ادا کرنے کا حلف نامہ داخل کیاگیا اورعدالت نے انہیں مہلت دی ہے۔

Share this post

Loading...