بھٹکل23؍ اگست 2023 (فکروخبرنیوز) ہر سال 15 اگست کے بعد حکومت کی جانب سے کشتیوں کو سمندر میں ماہی گیری کے لیے جانے کی اجازت دی جاتی تھی لیکن اس مرتبہ یکم اگست سے کشتیوں نے سمندر کا رخ کرلیا۔
جون اور جولائی میں بارش کی وجہ سے ماہی گیری پر پابندی لگادی جاتی ہے لیکن کشتیوں کے بغیر ماہی گیری کی اجازت رہتی ہے اور ماہی گیر اللہ کا فضل تلاش کرنے کے لیے سرگرداں رہتے ہیں۔ ان مہینوں میں مچھلیوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ جاتی ہیں۔ امسال بارش کے دنوں میں بانگڑے مچھلی ہمیشہ بازار کی زینت بنی رہی ۔ مچھلیوں کے شوقین کو اس مرتبہ زیادہ مایوس نہیں ہونا پڑا کیونکہ بانگڑے ہمیشہ مارکیٹ میں دستیاب رہے۔
اگست کے مہینے میں وقفہ وقفہ سے بارش ہوتی ہے لیکن بڑی تعداد میں مچھلیاں ملتی ہیں۔ چھینگے ، کیکڑے کے ساتھ ساتھ دوڑی اور دیگر اقسام کی مچھلیاں بھی ملتی ہیں، اس لیے اگست میں مچھلیوں کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آتی ہے۔
مچھلیاں شکار کرنے کے مختلف طریقے ہیں۔ ایک تو ماہی گیر دیوہیکل کشتیاں گہرے سمندر میں لے جاکر بڑی بڑی مچھلیاں شکار کرتے ہیں۔ چھوٹی چھوٹی کشتیاں سمندر میں ساحل کے قریب میں ہی رہ کر بھی مچھلیاں شکار کرتی ہیں اور ان مچھلیوں کی قیمتیں بازار میں عام طور پر اس وجہ سے زیادہ ہوتی ہیں کہ یہ بالکل تازہ ہوتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بغیر کشتیوں کی مدد سے بھی ساحل سے جالا ڈال کر مچھلیاں شکار کی جاتی ہیں۔
تینگن گنڈی میں ایک بڑا جالا ڈال کر بھی مچھلیاں شکار کرنے کی روایت رہی ہے۔ کم از کم سو میٹر کا ایک ہی جالا سمندر میں ڈال کر دونوں طرف سے کھینچا جاتا ہے جسے مقامی زبان میں راپن کہا جاتا ہے۔ راپن اگست اور ستمبر کے مہینوں میں زیادہ ڈالا جاتا ہے اور عام طور پر دوڑی نامی مچھلیاں اس میں پھنس جاتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جھینگے اور رنوی (مردیشو) مچھلیاں بھی پھنس جاتی ہے جو عام طور پر مہنگی فروخت ہوتی ہیں۔
ان ماہی گیروں کی زندگی بھی عجیب ہے۔ صرف امید میں سو میٹر سے بڑا جال ڈال کر دونوں طرف سے چالیس سے پچاس افراد اس کو کھینچتے ہیں ، کبھی مچھلیاں پھنس جاتی ہے تو ان کے چہرے کھل اٹھتے ہیں اور کبھی خالی ہوتی ہیں تو ان کے چہرے وقتی طور پر مرجھائے سے لگتے ہیں لیکن ان کی ہمت کی داد دینی چاہیے کہ سمندر میں طغیانی کے خوف کے باوجود بڑی کوششوں کے بعد جال ڈال کر صرف اس امید میں کہ آج مچھلیاں پھنس جائیں گی لیکن کبھی کئی کئی دن گذر جاتے ہیں اور ان کی امیدیں بر نہیں آتیں۔
Share this post
