بھٹکل 28؍اپریل 2021(فکروخبرنیوز) شہر سمیت ریاست بھر میں کل رات سے چودہ دنوں کا لاک ڈاؤن ہوگیا جس کے بعد سڑکیں سنسان اور نقل وحمل نہ کے برابر ہے۔ وزیر اعلیٰ ایڈی یوروپا نے پیرکے روز چودہ دنوں کے لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا جو منگل کی رات یعنی کل رات سے نافذ ہوگیا۔
شہر میں کل دن بھر گہما گہمی دیکھی گئی۔ سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے بازار کا رخ کیا اور اپنے ضروری اشیاء خریدتے نظر آئے۔ اگر چہ حکومت نے روزانہ صبح چھ بجے تک صبح دس بجے تک ضروری اشیاء کی دکانیں کھلیں رکھنے اور لوگوں کو ضروریات خریدنے کی اجازت دی ہے لیکن اس کے باوجود کل شام معمول سے زیادہ افراد بھٹکل کے پرانے بازار میں نظر آئے۔
فکروخبر نے چند لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس کے متعلق سوال کیا تو ان کا یہ کہنا تھا کہ حالات کو دیکھتے ہوئے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ حکومت نے پہلے ویکینڈ کرفیو نافذ کیا جس کے ختم ہوتے ہی لاک ڈاؤن کا اعلان کیا۔ اب حالات کو دیکھتے ہوئے کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ حکومت کب کس چیز کا اعلان کرے۔ اس لیے عافیت اسی میں ہے کہ ضروری اشیاء جتنی خریدی جاسکتی ہے خرید لی جائے تاکہ لاک ڈاؤن کے دوران باہر آنے نوبت نہ آئے۔
آج صبح سے اہم شاہراہوں کے ساتھ ساتھ دیگر سڑکیں بھی سنسان نظر آرہی ہیں۔ گشتی پولیس شاہراہوں پر گشت لگاکر حالات پر نظر رکھی ہوئی ہے۔ کئی جگہ بغیر ضرورت کے اِدھر اُدھر جانے والوں کو پولیس نے روک کر لاک ڈاؤن کے لیے جاری احکامات پر عمل کرنے کی درخواست کی۔
کل شام تحصیلدار اور ڈی وائی ایس پی کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس میں لاک ڈاؤن پر پوری طرح عمل کرتے ہوئے افسران کا ساتھ دینے کی درخواست کی گئی۔ انہوں نے کھلی رکھی جانے والی دکانوں کی تفصیلات بھی بیان کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے کئی قسم کی دکانوں کے کھولنے پر عائد پابندی کی تفصیلات بھی بیان کی۔
پریس کانفرنس کے مطابق صبح چھ بجے سے دس بجے تک ضروری اشیاء کی دکانیں جیسے گروسری، پھل، ترکاری، دودھ، وغیرہ کھلی رہیں گی، ان کے علاوہ اوقات میں مذکورہ دکانیں مکمل طور پر بند رہیں گی۔ کپڑے، چپل، کوسمیٹکس آئٹیسم اور اس قسم کی دیگر دکانیں مکمل طور پر بند رہیں گی۔ انہیں صح چھ بجے سے صبح دس بجے کے دوران بھی کھلی رکھنے کی اجازت نہیں رہے گی۔
میڈیکل کی دکانیں چوبیس گھنٹے کھلی رہیں گی۔ میڈیکل سے جڑی کسی بھی قسم کی ضرورت کے لیے آمدورفت کی بھی اجازت ہوگی۔
Share this post
