بھٹکل میں کل سے ایک ہفتہ کے لیے لاک ڈاؤن : ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ

بھٹکل23/ مارچ 2020(فکروخبر نیوز) تعلقہ کے ایک نوجوان میں کرونا مرض کے مثبت نتائج سامنے آنے کے بعد ضلع اترکنڑا ضلع کے ڈپٹی کمشنر نے سخت اقدامات کرتے ہوئے ایک ہفتہ کے لیے بھٹکل کو لاک ڈاؤن کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں اور ضلع بھر میں دفعہ 144کے نفاذ کا بھی اعلان کیا ہے۔ یہ احکامات 24/ مارچ بروز منگل صبح چھ بجے سے لاگو ہوکر 30مارچ شام تک رہیں گے۔ 
    اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے کہا کہ بیرونِ ممالک سے آنے والوں میں بھٹکل سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد زیادہ ہے اور اس کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
    اس کے ساتھ ساتھ انہو ں نے کہا کہ اڈپی اور گوا کو جوڑنے والی سڑکیں بند کی جائیں گی اور ضلع میں داخل ہونے پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی۔ اس دوران مذکورہ مریض کا کن لوگوں سے تعلق تھااس کا پتہ لگانے کی بھی کوشش کی جائے۔ 
    لاک ڈاؤن کے دوران کاروباری مراکز بند رہیں گے البتہ ضروری اشیاء جیسے اشیاء خوردونوش کی دکانیں (کرانی دکانیں)، ترکاری مارکیٹ، مچھلی مارکیٹ اور دودھ وغیرہ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ 
    امتناعی احکامات کے دوران چار سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی عائد ہوگی اس لیے اس دوران گذارش کی گئی ہے کہ غیر ضروری گھروں سے بالکل باہر نہ نکلیں اور اس مرض کے پھیلاؤ سے روکنے کے لیے انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ 

Share this post

Loading...