بھٹکل 06؍ اکتوبر2021(فکروخبرنیوز) ادارہ لرن قرآن بھٹکل گذشتہ چھ سالوں لوگوں کے اندر قرآن کا ذوق و شوق پیدا کرنے ، قرآنی تعلیمات سے ان کو روشناس کرانے ، صحیح تجوید و مخارج کے ساتھ تلاوت قرآن کی ترغیب دینے کے لیے مختلف پلیٹ فارم کے ذریعہ اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔
بچپن ہی سے لوگوں میں قرآنی ذوق و شق کو پروان چڑھانے اور فن قرات کے تعلق سے لوگوں میں بیداری لانے کے لیے ادارہ کے تحت آج سے دو سال قبل قاری حافظ حمادصاحب پلور کی نگرانی میں ایک لرن قرات کے شعبہ کا آغاز کیا گیا، شروع میں لرن قرآن کے دفتر میں ہی اس کے کلاسیس جاری تھے ، اب اس کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے شہر میں مختلف جگہوں پر اس کے کلاسیس شروع کیے گئے ہیں۔ یہ کلاسیس آف لائن کے ساتھ ساتھ آن لائن بھی چل رہے ہیں جس سےمدرسہ کےساتھ کالج کے طلبا کی ایک بڑی تعداد مستفید ہورہی ہے۔
ان کلاسوں میں زیر تعلیم طلباء کی ہمت افزائی اور عوام میں قرآن کریم سے شغف پیدا کرنے کے مقاصد کے تحت گذشتہ دنوں مسجد مزمل میں بعد نماز عشاء ایک مختصر سی نشست کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ادارہ کے سرپرست مولانا عبدالعلیم صاحب ندوی نے کی اور مہمانِ خصوصی کے طور پر جمعیت الحفاظ بھٹکل کے سابق صدرحافظ مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی موجود تھے۔ جلسہ میں مختلف طلباء نے اپنی قرات کا مظاہرہ پیش کیا، علاوہ ازیں گروپ قرات کے ذریعہ تدریس کے طریقہ کار کا بھی مظاہرہ کیا گیاگیا, جس کو عوام نے بہت پسند کیا۔
اسٹیج پر موجود مہمانان نے قرآن کریم سے محبت پیدا کرنے اور اس کو سیکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم صحیح تجوید اور مخارج کے ساتھ پڑھنے اور اس کے سیکھنے کے لیے کوشش کرنا اللہ کو بے حد پسند ہے۔ ہم میں سے ہر شخص کو اس بات کا اہتمام کرنا چاہیے کہ وہ قرآن کریم صحیح تجوید کے ساتھ تلاوت کریں۔ مولانا نے لرن قرأت سے جڑے طلباء کو نصیحتیں کرتے ہوئے اچھی آواز میں تلاوت کرنے کی بات کہی اور کہا کہ کبھی بھی انسان کو اپنی آواز پر غرور نہیں ہونا چاہیے کیونکہ تکبر اللہ کو پسند نہیں، ساتھ ہی ساتھ لوگوں کی خواہش اور مطالبہ پر مولانا نعمت اللہ صاحب نے بھی اپنی قرات سےسامعین کا دل جیت لیا، اور مولانا کی حسن قرات و ترتیل پر عش عش کر اٹھے۔
جلسہ کا آغاز ذکوان رکن الدین کی تلاوت سے ہوا اور نعت صفوان سدی احمد نے پیش کیا ، استقبالیہ کلمات اور جلسہ کی غرض وغایت مولانا عبداللہ شریح کوبٹے ندوی نے پیش کیے، شکریہ کلمات مولانا عبدالرشید شیراز ندوی نے پیش کیے اور نظامت کےفرائض مولانا سلمان کولا نے انجام دیے ۔ اخیر میں قاری حماد صاحب کے خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے ان تہنیت کی گئ۔
بچوں کی ہمت افزائی کرتے ہوئے ان کے درمیان انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔
Share this post
