بھٹکل07؍ جولائی 2022(فکروخبرنیوز) شجرکاری نہ صرف سنتِ رسول ﷺہے بلکہ ما حول کو خوبصورت اور دل کش بنانے میں بھی ان کاقابل ذکر حصہ ہے، شجر کاری ہر دور میں تحفظ ماحولیات کے لیے کلیدی کردار کی حامل رہی ہے اور ہمیشہ رہے گی۔
ان ہی مقاصد کے تحت لبیک نوائط اسوسی ایشن کی جانب سے شجر کاری مہم شروع کی گئی ہے جس کا آغاز آج شام پانچ بجے مسجد صدیقی قدوائی روڈ سے کیا گیا۔ آج کے اس کے افتتاحی پروگرام میں چیف آفیسر میونسپل کونسل اور علاقہ کے کونسلر جناب عبدالرؤف نائیطے اور لبیک کے ذمہ داران موجود تھے۔
لبیک کے جنرل سکریٹری مولانا عبدالاحد فکردے ندوی نے فکروخبر کو بتایا کہ آج بڑی تیزی کے ساتھ ماحولیات میں تبدیلی آرہی ہے جس کی وجہ سے انسانوں کو اچھی اور صاف ستھری ہوا نہیں مل پارہی ہے اور یہ بات ہم سبھوں کو معلوم ہے کہ درختوں کی کثرت کی وجہ سے انسانوں کو صحت بخش ہوا ملتی ہے۔ انہوں نے لبیک کے جملہ علاقوں میں شجر کاری کا ایک پروگرام ترتیب دیا گیا۔ لبیک کے ان علاقوں میں وی ٹی روڈ ، قدوائی روڈ ، کوٹیشور روڈ ، بستی روڈ ، مولانا آزاد روڈ ، بلال کھنڈ ، عثمان نگر وغیرہ شامل ہی۔ آج باقاعدہ طو پر اس کا آغاز ہوگیا ہے اور آئندہ دنوں میں مذکورہ علاقوں میں بھی شجرکاری انجام دی جائے گی۔
واضح رہے کہ ماحولیاتی آلودگی سے تحفظ کے مختلف اسباب و ذرائع میں ایک اہم ذریعہ درخت اور درختوں سے بھرے، گھنے جنگلات ہیں جن کی موجودگی صاف وشفاف فضا فراہم کرنے اور ماحول کوپُر لطف و پاکیزہ بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ روئے زمین پر جابجا پھیلے درخت بنی نوع انسانی کے لیے قدر ت کا انمول تحفہ ہیں۔ درخت نہ صرف سایہ فراہم کرتے ہیں؛ بل کہ یہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں بھی مُمّد و معاون ثابت ہوتے ہیں۔
Share this post
