بھٹکل 12؍ فروری 2023(فکروخبرنیوز) ادارہ ادبِ اطفال کی جانب سے بھٹکل میں منعقدہ سات روزہ بچوں کے کتاب میلے میں 45 لاکھ روپئے کی کتابیں فروخت کی گئیں۔ جس میں کل پچاس اسٹال لگائے گئے تھے۔ اس بات کی جانکاری کنوینر میلہ مولانا عبداللہ غازی ندوی نے فکروخبر کو دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گمان سے بڑھ کر اس کتاب میلے کے نتائج برآمد ہوئے۔ اس کتاب میلے کی خصوصیات بتاتے ہوئے انھوں نے مزید کہا اس میں ایک خصوصیت یہ بھی رہی ہے کہ اس میں بھٹکل کا بچہ بچہ شریک ہوا۔
میلے میں کتابوں کی خریداری اور ذوق و شوق میں سب سے نمایاں خواتین نظر آئیں۔ تقریبا ہرمدرسے اور اسکول کے طلبہ و طالبات نے اپنے اساتذہ کی نگرانی میں کتاب میلے میں شرکت کی اور خوب خریداری بھی کی۔ تعلیمی اداروں نے بھی بچوں کے کتب خانے قائم کرنے کے مقصد کے تحت بھی خریداری کیں۔
اس کتاب میلے میں ناشرین کے تأثرات بھی دوسرے کتاب میلوں کے مقابلہ میں مختلف رہے۔ مختلف ناشرین نے اس بات کا برملا اظہار کیا کہ بچوں کے لیے منعقدہ یہ کتاب میلہ پورے ہندوستان بھر میں اپنی نوعیت کا منفرد کتاب میلہ ہے۔ ہمیں کئی کتاب میلوں میں شرکت کا موقع ملا لیکن بچوں کے لیے مختص یہ کتاب میلہ ملکی سطح پر پہلا کتاب میلہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بچوں کی دلچسپی کی تمام تر چیزیں یہاں مہیا کرائی گئیں ہیں، نہ صرف مہیا کرائیں گئیں بلکہ اس کھیل کو کتابوں کے فروخت سے جوڑ دیا۔ اس کتاب میلے کی خاص بات یہ رہی ہے کہ یہاں شرکت کرنے والے جملہ ناشرین کے طعام اور رہائش کی تمام تر ذمہ داری منتظمین نے کی ہے اور انتظامات بھی بہت اچھے تھے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے اس کتاب میلے کو نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے ہر شہر اور علاقہ میں اس طرز کے کتاب میلے منعقد کرنے کے خیال کا بھی اظہار کیا۔
امید کی جارہی ہے کہ یہ کتاب میلہ نسلِ نو میں مطالعہ کا ذوق اور کتابوں سے بچوں کے تعلقات پیدا کرنے میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔
بتادیں کہ دو سو روپیئے کی کتابوں کی خریداری پر بچوں کو ایک ٹوکن دیا جاتا تھا جس کے ذریعہ سے وہ کتاب میلے سے متصل گیم زون میں استعمال کرتا تھا۔
اس میلہ میں جہاں دن بھر بچے کتابوں کی خریداری کرتے وہیں رات ہوتے ہی بچوں کی دلچسپی کے لیے مختلف قسم کے اسٹیج شو جیسے ٹیلیٹ شو، اسلامی تاریخ پر ڈرامے وغیرہ کے پروگرامات بھی منعقد کیے گئے۔
قابلِ ذکر ہے کہ ادارہ ادب اطفال بھٹکل نے بھی اپنی شعبہ نشریات کے ذریعہ اس کتاب میلے کی مناسبت سے 30 سے زائد کتابیں منظرِ عام پر لانے کی بہترین کوشش کی ، جس کی طباعت بقول کنوینر کتاب میلہ بچوں کے ذوق اور اس کے مزاج کو سامنے رکھتے ہوئے کی گئی ہے ، آگے مزید ایسی دسیوں کتابیں ان شاء اللہ نشریات سے شائع ہوں گی جس کا اظہار ادارہ کے صدر داکٹر عبد الحمید اطہر ندوی نے کتاب میلے کے اختتامی جلسہ میں بھی کیا۔
Share this post
