بھٹکل 25؍ اپریل 2023 (فکروخبرنیوز) اب تک ہم نے کئی مرتبہ ترکی اور کئی اسلامی اور اسلام پسند ممالک کے بچوں کا رمضان اور مسجدوں میں بڑوں کی طرف سے ان بچوں کی ہمت افزائی کی ویڈیوز سوشیل میڈیا کے توسط سے ہمیں پہنچ رہی ہیں جس کو دیکھ کر ہر ایک خواہش کرتا ہے کہ ہمارے یہاں بھی مساجد میں بچوں کی ہمت افزائی ہونی چاہیے لیکن اس کے لیے بھٹکل اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں اس طرح کی کی کوئی خبر کانوں سے نہیں ٹکراتی۔
فکروخبر کے مطابق شہر کے مولانا عبدالباری اسٹریٹ میں واقع مسجد فاطمہ عبداللہ العطار سے یہ خوش کن خبر موصول ہوئی ہے۔
مذکورہ مسجد میں جب سات اور آٹھ سال کے ننھے منے بچے تراویح ادا کرنے اپنے معمول کے مطابق آئے تو مسجد کے امام مولانا معظم شاہ بندری ندوی اور مسجد کے ذمہ دار مولانا سید اظہر برماور ندوی نے ان بچوں کو تراویح سنانے کے لیے آگے بڑھایا۔
پھر کیا تھا! چھ،سات اور آٹھ سال تک کے بچوں نے اس بے باکی سے تراویح سنائی کہ ہر ایک حیران وششدر رہ گیا۔ تعجب اس پر بھی ہوا کہ ہر ایک مصلی نے بچوں کی بھرپور ہمت افزائی کی۔ حالاں کہ چھ سات سال کے بچوں کے پیچھے ساٹھ ، ستر اور اسی سال کے بڑے بوڑھے بھی موجود تھے۔
دو دن تک مسجد فاطمہ عبداللہ العطار میں بڑا ہی پیارا ماحول رہا اور اس میں بچوں کی ریل پیل پہلے سے کہیں زیادہ تھی۔
اس واقعے سے اندازا ہوا کہ اگر مسجدوں میں بچوں کو ڈانٹ ڈپٹ سے آزاد رکھ کر ان کی ہمت افزائی کی جائے اور پیار بھرے انداز میں ان کو سمجھایا جائے تو ہر مسجد بچوں سے بھر جائے گی اور عبادات اور دیگر اسلامی معاملات میں بچوں کی سوفیصد دلچسپی رہے گی۔
مسجد فاطمہ عبداللہ العطار کے ذمہ داران قابل مبارک باد اور ان کا یہ عمل واقعی لائق تقلید ہے۔
Share this post
