بھٹکل میں مسجدیں کھلتے ہی عوام کے چہروں پر نظر آئی خوشی،اکثر مساجد میں وقت سے پہلے پہنچے لوگ

بھٹکل 09/ جون 2020(فکروخبر نیوز)  حکومت کے اعلان کے مطابق کل سے ہندوستان بھر کی مسجدیں نمازیوں کے لئے دوبارہ کھول دی گئیں۔ بھٹکل کنٹنمینٹ زون ہونے کی وجہ سے آج سے یہاں کی بھی جملہ مسجدیں نمازیوں کے لئے کھول دی گئیں جس کی خوشی کا اثر نمازیوں کے چہرے پر صاف طور پر نظر آیا۔ آج مسجدوں کے مناروں سے گونجنے والی اذانیں عوام کو مسجدوں کی طرف قدم اٹھانے پر مجبور اس طور پر کررہی تھی کہ انہو ں نے قاضی صاحبان کے ساتھ ساتھ حکومتی قوانین کا بھی پورا پاس ولحاظ رکھتے ہوئے گھروں میں نماز پڑھنے کا اہتمام کیا تھا اور اس بار انہیں دوبارہ مسجدوں میں جانے کی اجازت مل گئی تو وہ اس کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرچکے تھے۔ حکومتی قوانین کے مطابق مسجدوں میں آنے والوں کے لئے ماسک پہننا لازم کیا گیا ہے اور سماجی دوری برقرار رکھنے کی بھی تاکید کی گئی ہے جس پر آج بھٹکل میں عمل بھی کیا گیا ہے۔ اکثر بلکہ جملہ مسجدوں میں داخلہ سے قبل ہی صابون اور پانی رکھا گیا ہے تاکہ ہر آنے والا اپنے ہاتھ صاف کرکے ہی داخل کرسکے۔ اسی طرح نمازیوں کو گھر سے وضو کرکے آنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔ 
    آج مسجدیں دوبارہ کھلنے سے نہ صرف یہاں کے عوام کو خوشی محسوس ہورہی ہے بلکہ روح کی تسکین کا سامان گویا انہیں دوبارہ مہیاکرایا گیا ہے۔ مسجد میں نماز پڑھنے کی خوشی میں اکثر لوگ وقت سے پہلے ہی مسجد پہنچ گئے اور تلاوت اور ذکر واذکار میں مشغول نظر آئے۔نمازیوں سے حکومتی قوانین پر عمل کرنے کی بھی تاکید کی جارہی ہے تاکہ مسجدوں میں آنے کا سلسلہ یونہی برقرار رہے اور کسی ایک کی غفلت اور لاپرواہی کے نتیجہ میں کہیں پھر ایک بارمساجد سے محروم نہ ہونا پڑے۔ 
واضح رہے کہ تقریباً ڈھائی مہینے کی مدت قبل قاضی صاحبان نے کورونا وائرس کے پیشِ نظر لوگوں سے گھروں میں نماز پڑھنے کی اپیل کی تھی جس پر سو فیصد لوگوں نے عمل کرتے ہوئے اس بات کا ثبوت دیا کہ وقتاً فوقتاً قاضی صاحبان کی جانب سے جو بھی فیصلے صادر کیے جائیں گے ان پر عمل کرنے کے لئے بھٹکل کے عوام ہر وقت تیارر ہیں گے۔ 

Share this post

Loading...