بھٹکل09 مئی 2022(فکرو خبر نیوز/ ابو رفاعہ ندوی) مرکزی فطرہ کمیٹی بھٹکل (کرناٹک) کے زیر اہتمام بھٹکل میں امسال الحمدللہ تقریباً ایک لاکھ دس ہزار سے زائد کلو چاول جمع ہوا اور عیدالفطر کی رات ہی اس کی تقسیم عمل میں آئی،مرکزی فطرہ کمیٹی بھٹکل کے کنوینر مولانا محمد الیاس صاحب ندوی بھٹکلی نے بتا یا کہ اس سلسلہ میں بھٹکل،ہوناور وکمٹہ،شیرور وآس پاس میں 56حلقے بنائے گئے تھے،جہاں مختلف محلوں سے جمع شدہ فطرہ کی تقسیم عمل میں آئی،اس سلسلہ میں بھٹکل کی بیرونی مسلم جماعتوں دبئی/ابوظبی /جدہ /بحرین /ریاض /مسقط / قطراور دمام(منطقہ شرقیہ) وغیرہ سے امسال بڑی مقدار میں چاول موصول ہوا، شیرورسے بشمول بھٹکل،ہوناور اور کمٹہ تک کے ایک ہزار نوسو (1900)سے زائد خاندانوں میں اس دوران چاول تقسیم کیا گیا،اوسطاً ہر خاندان کو50کلو اور زیادہ سے زیادہ بعض نادار اور معذور بڑے خاندانوں کو ایک کوئنٹل تک چا ول دیا گیا،اس ال پہلی دفعہ بھٹکل وآس پاس کے تمام حلقوں میں باسمتی چاول بھی تمام خاندانوں میں تقسیم کیا گیا،اسی طرح تقسیم فطرہ کے دائرے کو وسعت دیتے ہوئے شرواتی بیلٹ پر واقع ولکی وہوناور کے اطراف کے علاقوں کو بھی اس میں شامل کیا گیا۔
حسب سابق امسال بھی تمام حلقوں میں از سر نو سروے کیا گیااور اس سلسلہ میں رمضان المبارک میں فطرہ کمیٹی کی دو مشاورتی نشستیں مرکز ی فطرہ کمیٹی کے دفتر مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل اور مولانا علی میاں مسجد میں منعقد ہوئیں،بھٹکل میں اجتماعی طور پر فطرہ کی تقسیم کا یہ مستحسن کام الحمدللہ گذشتہ 37سالوں سے جاری ہے اور الحمدللہ اس میں ہر سال ترقی ہورہی ہے،اس سلسلہ میں خلیج میں مقیم بھٹکل جماعتوں اور مختلف محلوں واسپورٹس سینٹر وں کے نوجوانوں کے تعاون اور مقامی علماء ونوجوان کی خصوصی دلچسپی کوفراموش نہیں کیا جاسکتا،اس سال جمع وتقسیم فطرہ کا جائزہ لینے او ر اس کام کو مزید مستحکم کرنے کے سلسلہ میں فطرہ کمیٹی کے ممبران کی عیدملن نشست مع ظہرانہ ینگ مسلم سروس ایسوسی ایشن (وائی ایم ایس اے)کے زیر اہتمام بلال شادی ہال نوائط کالونی میں ۸/شوال المکرم۳۴۴۱ھ مطابق ۹/مئی ۲۲۰۲ء :بروز پیر صبح 11-00بجے منعقد ہوئی جس میں خلیجی ممالک میں مقیم بھٹکل مسلم جماعتوں کے ذمہ داران کے علاوہ بھٹکل میں قائم مرکزی تعلیمی وسماجی اداروں جماعتوں،تنظیم،انجمن اور جامعہ کے عہدہ داران،عمائدین اور شہر کے علماء نے بڑی تعداد میں شرکت کی،اور اس سلسلہ میں کام کی توسیع و استحکام کے سلسلہ میں اپنے مفید مشورو ں وتجاویز سے نوازا۔
Share this post
