بھٹکل17؍ اکتوبر2022(فکروخبرنیوز) مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کی جانب سے ماہِ ربیع الاول کی مناسبت سے مختلف پروگرامات ترتیب دئے گئے ہیں جس کی ایک کڑی رکشہ ڈرائیوروں سے ملاقات اور رکشہ کے پیچھے احادیث کے پیغامات کو چسپاں کرنا تھا۔
کل بروز اتوار بعد نمازِ عشاء بلال شادی ہال میں جماعت کے ذمہ داران نے ان سے ملاقات کی اور ان کے مسائل بھی سنے۔ اس موقع پر منعقدہ پروگرام میں قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے کہا کہ کچھ لوگوں کی وجہ سے پورا طبقہ بدنام ہوجاتا ہے حالانکہ غلطی کرنے والے معاشرہ میں ایک یا دو فرد ہوتے ہیں اور ان کی وجہ سے پورا معاشرہ بدنام ہوجاتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہر طبقہ میں اکثریت اچھے لوگوں کی ہوتی ہے ۔ انہوں نے رکشہ ڈرائیوں کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کا سامان ان کے گھروں تک پہنچادیتے ہیں، بچوں اور بوڑھوں کی خدمت بھی کرتے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ اللہ کو اپنی مخلوق میں سب سے پسندیدہ وہ لوگ ہیں جو اللہ کے مخلوق کو فائدہ پہنچانے والے ہوتے ہیں۔
پروگرام کے کنوینر جناب طلحہ سدی باپا نے کہا کہ آج کے ہمارے پروگرام کا عنوان ہے خدمت وقار کے ساتھ ، معاشرہ کا ہر فرد عزت کا مستحق ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری یہ کوشش ہے کہ مختلف طبقات کے لوگوں کو بلاکر ان کی عزت افزائی کریں اور ان کے مسائل حل کرنے کا کوئی حل نکالیں۔ بڑی خوشی کی بات ہے کہ ہمارے اس پروگرام میں بڑی تعداد میں رکشہ ڈرائیور آئے اور اس کو کامیاب بنایا۔
ان کے علاوہ اسٹیج پر موجود مختلف افراد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ، اسی طرح رکشہ ڈرائیوروں نے اپنے مسائل سامنے رکھتے ہوئے کئی ایک غلط فہمیوں کا بھی ازالہ کیا۔
جلسہ کے بعد رکشہ کے پیچھے مختلف احادیث کے اسٹیکر چسپاں کیے گئے جنہیں پڑھ کر ہر مذہب کے لوگ اسے اپنے عملی زندگی میں لانے کی کوشش کریں گے۔
Share this post
