بھٹکل : مولانا ابوبکر اکرمی عرف سائب آپا خلفو انتقال کرگئے : بعدِ ظہر عمل میں آئی تدفین

Bhatkal, saib aapa khalfo, bhatkal khalfo, mushma masjid, bhatkal mushma masjid

بھٹکل 18؍ جولائی 2022(فکروخبرنیوز) بھٹکل کی مشہور شخصیت مولانا ابوبکر اکرمی جن کو عام طور پر سائب آپا خلفو کے نام سے جانا جاتا تھا کل انتقال کرگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون ۔ آپ نے اپنے عمر کے بیاسی بہاریں دیکھیں۔ بھٹکل کی تاریخی اور قدیم مسجد ‘‘ مشما ’’ میں چالیس سال تک آپ نے امامت کے فرائض انجام دیئے۔ اسی کے ساتھ غسال کے فرائض کی انجام دہی میں بھی وہ شہر میں بہت مشہور تھے۔ اپنے مخصوص لہجہ میں میت کے لیے تلقین اور دعا خوانی کی مجلس میں شریک ہوکر دعا کا اہتمام کرنے کا ایک منفرد انداز تھا جس کے لیے وہ پورے شہر میں معروف تھے۔ جنازہ کے ساتھ کلمہ کا ورد کرنے کا انداز بھی ان کا دوسروں سے جدا تھا۔

مرحوم نے اپنی تعلیم مدرسہ لطیفیہ ویلور سے کی اور مدراس کی مشہور شخصیت سر قاضی حبیب اللہ سے بھی کسبِ فیض حاصل کیا ۔ چالیس سال تک مشما مسجد میں نہ صرف امامت کے فرائض انجام دئیے بلکہ اس کے ساتھ مسجد کی خدمت کو اپنا نصب العین بنایا۔ اپنا زیادہ وقت مسجد کے حدود میں ہی گذارا کرتے تھے۔ ہرایک ان کا پتہ لگانے کے لیے بجائے گھر کے مسجد کا رخ کیا کرتے تھے جہاں یا تو آپ کو مسجد واطراف کی صفائی ستھرائی کرتے ہوئے یا پھر عبادت وریاضت میں مشغول پاتے ۔ ہمیشہ مسکرا کر ملا کرتے تھے  اور رشتہ داری کا بہت خاص لحاظ رکھتے تھے۔

غرض مرحوم کی بڑی خوبیوں کے مالک تھے ، کل وہ اپنے ربِّ حقیقی سے جاملے اور آج بعد ظہر ان کی نمازِ جنازہ خلیفہ جامع مسجد بھی ادا کی گئی اور قدیم قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔

اللہ تعالیٰ مرحوم کو غریقِ رحمت کرے ، ان کی حسنات کو قبول فرمائے ، سیّئات کو درگذر فرمائے اور اعلیٰ علؓیّین میں جگہ نصیب فرمائے ۔ آمین

Share this post

Loading...