بھٹکل کے سب سے کم عمر حافظ محمد ابن مناظر حسن شوپا کی سن شائن اسپورٹس سینٹر کی طرف سے تہنیت اور شال پوشی

بھٹکل 03؍ جولائی 2021(فکروخبرنیوز) آج شام بعد نماز عصر شہر کا قدیم اسپورٹس سینٹر سن شائن اسپورٹس نے اپنے ایک ہی ایک ممبر جناب مناظر حسن شوپا کے فرزند ارجمند اور سینئر ممبر جناب حافظ ظفر سدی باپا کے نواسے کے حفظ قران کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے چند لوگوں پر مشتمل ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں صدرسن شائن اسپورٹس سینٹر کے ہاتھوں حافظ محمد شوپا کی شال پوشی کی گئی اور جنرل سکریٹری کے ہاتھوں گُل پوشی کی گئی۔

نشست کا آغاز مولوی احمد صدیق کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اس کے بعد مولانا ارشاد افریکہ ندوی نے اس نشست کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے اس کم سن حافظ قرآن کو سن شائن کے تمام ممبران کی طرف سے خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دوسرے بچوں کے لیے اسے قابلِ تقلید اور اپنے اوقات کے صحیح استعمال پر زور دیا اور اس عظیم کارنامے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں اس عمر میں بچوں کا کچھ آیات یاد کرنا کتنا دشوار ہوتا ہے اور اس معصوم نے تو پورا کلامِ مجید حفظ کرڈالا۔

 حافظ محمد کے والد جناب مناظر حسن شوپا نے کہا کہ نانا کے حفظ کے دوران یہ ان کے پیچھے لگا رہتا تھا اور اسی وقت اسے بہت سارے آیات یاد ہوگئیں تھیں مزید اس کی نانی اور نانا کی پوری توجہات رہی۔ جناب حافظ ظفر سدی باپا صاحب نے کہا کہ محمد عم پارے کی ابتدائی سورہ یاد کرتا تھا اور ہم اس کا درمیان سے امتحان لیتے تھے تب ہمیں احساس ہوا اس کا حافظہ اچھا ہے اسے حافظ قرآن بنانا ہے پھر ہم نے اس کے اوپر محنت شروع کی اور یہ الحمدللّٰہ قرآن کریم  برابر یاد کرتا تھا۔  درمیان میں ایک مرتبہ ایسا بھی ہوا کہ اس حفظ کرنے کا سلسلہ کچھ دنوں کے لیے منقطع ہوا اور ہم لوگ بھی مایوس ہوگئے مگر الحد للہ  اس نے ہمت کی اور محض اللہ کے فضل سے اس کو مکمل کیا۔ ہمارا اس میں کچھ کمال نہیں۔

آخرمیں صدارتی خطاب کرتے ہوئے صدر سن شائن اسپورٹس سینٹر نے کہا اس عمر میں پورا قرآن مجید یاد کرنا یقینا ایک بہت بڑا معجزہ ہے۔ مزید کہا کہ بچہ عورت کی گود میں پلتا ہے جس طرح کی وہ تربیت دے گی اس کے اثرات اس پر مرتب ہوں گے۔ ہم اگر اپنے بچوں کو قرآن کریم کی تعلیم دیں گے تو یہ ہمارے لیے ذخیرۂ آخرت ہوگا۔  ننھے حافظ کو دل کی گہرائی سے مبارکباد دیتے ہوئے نشست میں آنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

 مولانا محی الدین جیلانی اکرمی ندوی کی دعائیہ کلمات پر نشست برخاست ہوئی۔

Share this post

Loading...