بھٹکل 16؍ اپریل 2023 (فکروخبرنیوز) شہرِ بھٹکل میں آپ کو ہر گھر میں ایک سے زائد حفاظ مل جائیں گے۔ اس چھوٹے سے شہر میں آپ کو سینکڑوں کی تعداد میں حفاظ نظر آئیں گے ، پانچ سال کی بچی سے لے کر 60 سال سے زائد کے عمر کے افراد کے حفظ قرآن کی سعادت سے سرفرازہونے کی کئی ساری مثالیں آپ کو یہاں مل جائیں گی ، درجہ حفظ میں باقاعدہ داخلہ کے علاوہ اپنی عصری اور دینی تعلیمی مشغولیات کے ساتھ بھی حفاظ کی فہرست میں شامل ہونے والوں کی ایک بڑی تعداد یہاں موجود ہے۔
گزشتہ روز اسی طرح کا ایک کارنامہ جامعہ اسلامیہ سے امسال فارغ ہونے والے نوجوان عالم دین مولوی اسماعیل شیمان ابن ابراہیم خلیل ملا نے کردکھایا ہے ، گزشتہ روز مسجد علوہ میں ان کے اعزاز میں ایک روحانی مجلس سجائی گئی تھی جس میں استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عبدالمحیط ندوی نے ان کا ختم قرآن کرایا،اس موقع پرامام مسجد اور محلہ والوں نے بھی اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اوراور انہیں انعامات سے بھی نوازا گیا ، حفاظ قرآن کی فہرست میں شامل ہونےپر خود مولوی شیمان کا کہنا ہے کہ اللہ کا کلام اگر کوئی اپنے سینے میں محفوظ کرنے کی کوشش کرے اور اللہ سے مانگتا رہے تو اللہ اس کےلئے راستےکھول دیتے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے اپنے استاد مولانا عبدالمحیط خطیب ندوی کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ ان کے اعتکاف کے دوران مولانا نے اپنے گھر سے مسجدِ علوہ تشریف لاکر ان کا حفظِ قرآن سنا ۔
امام مسجد مولانا ابوبکر تونسے ندوی نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ علوہ مسجد کے شبینہ مکتب سے مولوی شیمان کا تعلق ہے۔ بچوں کے تعلق سے بھی وہ بڑے فکر مندرہتے تھے اور یہیں سے ان کے دل میں حافظِ قرآن بننے کا داعیہ پیدا ہوا۔ ماشاء اللہ بڑی کوششوں کے بعد انہوں نے حفظِ قرآن کی تکمیل کی ہے ۔ اس کے حافظِ قرآن بننے سے شبینہ مکتب میں زیر تعلیم بچوں کو بھی حافظ بننے کا داعیہ پیدا ہوگا۔
ادارہ فکروخبر بھی انہیں حفظ قرآن کی تکمیل پر مبارکباد پیش کرتا ہے ۔
Share this post
