بھٹکل کے جملہ جمعہ مساجد میں آج ادا کی گئی سورج گرہن کی نماز

Bhatkal, Juma masjid, Suraj grihan

بھٹکل25؍ اکتوبر 2022 (فکروخبرنیوز) بھٹکل میں آج تقریباً سوا پانچ بجے کے قریب سورج گرہن ہوا جو تقریباً چھ بجے تک چلا۔
اس موقع پر جملہ جمعہ مساجد میں سورج گرہن کی نماز ادا کی گئی۔ طویل نماز کے بعد دو خطبے ہوئے اور اس کے بعد سورج گرہن کے موقع پر اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل کی طرف لوگوں کی توجہ مبذول کرائی گئی۔ 
خطباء نے کہا کہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں صرف ایک مرتبہ سورج گرہن ہوا تھا اور اسی روز اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے فرزند حضرت ابراہیم رضی اللہ عنہ کا انتقال ہوا تھا ۔ اس وقت کافروں کا یہ عقیدہ تھا کہ سورج گرہن کسی بڑے واقعہ پر لگتا ہے ، چونکہ اسی روز اللہ کے نبی کے فرزند کا انتقال ہوا تو لوگوں نے سمجھ لیا کہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے فرزند کے انتقال پر آج کا سورج گرہن لگا ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم فوراً نماز کی طرف متوجہ ہوئے اور طویل نماز پڑھی جس کے ہر رکعت میں دو قیام اور دو رکوع کیے۔ 
خطباء نے مزید بتایا کہ سورج گرہن کے عمل میں اس کی روشنی کمزور پڑجاتی ہے اور قیامت کی نشانیوں میں سے ایک نشانی یہ بھی ہے کہ سورج کو بے نور کردیا جائے گا، گویا اس عمل سے انسان کو اپنی قیامت یاد دلائی جارہی ہے ۔ کیونکہ حدیث میں فرمایا گیا جس کا انتقال ہوگیا اس کی قیامت واقع ہوگئی ۔ سورج گرہن سے ہمیں اپنے موت کو یاد دلایا جارہا ہے اور اخروی زندگی کی طرف ہماری توجہ مبذول کرائی جارہی ہے۔ 
خطباء نے نصیحت کی کہ اپنے اعمال کا جائزہ لیا جائے ، موت سے قبل اپنی زندگی درست کی جائے اور اچھے اعمال اور اللہ کے رضا کے ساتھ اس دنیا سے آخرت کی طرف منتقل ہونے کی فکریں اور کوششیں کی جائیں۔

Share this post

Loading...