بھٹکل07؍ستمبر 2023 (فکروخبرنیوز) سعودی حکومت کی جانب سے مکۃ المکرمہ میں منعقدہ تینتالیسویں عالمی مسابقہ حفظِ قرآن کریم میں بھٹکل سے تعلق رکھنے والے ابراہیم بن فہیم شاہ بندری نے دوسرا مقام حاصل کیا ہے جس پر انہیں 60 ہزار سعودی ریال (تیرہ لاکھ تیس ہزار روپئے) بطورِ انعام دیئے گئے ہیں۔
25 اگست سے شروع ہونے والے اس عالمی مسابقہ کے پانچ زمروں میں 117 ممالک سے 166 مساہمین نے حصہ لیا۔ 6 ستمبرکو (کل رات) اس عالمی مسابقہ کی اختتامی نشست مسجد حرام میں منعقد کی گئی جس میں ہر زمرہ میں پہلا، دوسرا ، تیسرا ، چوتھا اور پانچواں مقام حاصل کرنے والوں کو انعامات سے نوازا گیا۔ اہالیانِ بھٹکل کے لیے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ابراہیم ابن فہیم شاہ بندری نے پانچ پاروں کے حفظ مقابلہ میں حصہ لیتے ہوئے ہندوستان کی نمائندگی کی اور اپنے زمرہ میں دوسرا مقام حاصل کیا۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے اس عالمی مسابقہ کے ممتاز طلبہ کے لیے آٹھ کروڑ اسی لاکھ روپیے کے انعامات تقسیم کیے گئے۔
ابراہیم کی ابتدائی تعلیم شارجہ میں ہوئی جس کے بعد گریڈ 8 سے 10ویں تک KNOWLEDGE SCHOOL بھٹکل میں مکمل کی اور یہیں پر حفظِ قرآن کریم کی تعلیم بھی حاصل کی۔ فی الحال وہ جامعہ سلفیہ بنارس میں فضیلت اول کے طالب علم ہیں۔
فکروخبربھٹکل محمد ابراہیم ، ان کے والدین اور ان کے اساتذہ کی خدمت میں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہے۔
اس سے قبل مکہ مکرمہ کے عالمی مسابقے میں شرکت کا اعزاز مولانا عبدالعظیم رکن الدین ، مرحوم نثار احمد رکن الدین اور حافظ ابوعبیدہ ابن مرحوم عبدالقادر چامنڈی کو بھی حاصل ہوچکا ہے۔
بھٹکل کے ابراہیم فهيم شاہ بندری نے مکہ مکرمہ میں منعقدہ عالمی حفظِ قرآن مسابقہ میں لیا حصہ
Share this post
