بھٹکل 16؍ جون 2022(فکروخبرنیوز) شہر کے ہیبلے گرام میں تینگن گنڈی عطار محلہ کے ساکن اور اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کے استاد عبدالفتاح باپو صاحب نے کوئیمپو یونیورسٹی شیموگہ سے ایم اے میں ٹاپ کرکے بھٹکل کا نام روشن کیا ہے۔
آج یونیورسیٹی میں منعقدہ تقریب میں انہیں ایم اے اردو میں اول مقام حاصل کرنے پر ایوارڈ اور سند سے نوازا گیا۔
فکروخبر کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے عبدالفتاح ابن محمد باپو صاحب نے بتایا کہ وہ اس بات پر اللہ کا شکر ادا کررہے ہیں کہ اس نے یہ مقام عطا فرمایا، ساتھ ہی انہوں نے اپنے والدین ، اساتذہ اور محسنین کو بھی یاد کیا جنہوں نے تعلیمی میدان میں انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے سرکاری ہائر پرائمری اسکول تینگن گنڈی سے ساتویں تک تعلیم حاصل کی ، اس کے بعد ہائی اسکول کی تعلیم اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول میں داخلہ لیا اور 2008 میں ایس ایس ایل سی کا امتحان دے کر کامیابی حاصل کی۔ سن 2012 میں انجمن پی یو کالج سے بارہویں جماعت تک کی تعلیم حاصل کی۔ سن 2015 میں انجمن ڈگری کالج میں بی اے اور انجمن کالج آف ایجوکیشن سے سن 2018 میں بی ایڈی کی ڈگری حاصل کی جس میں فائنل امتحان میں 81.37 فیصد نمبرات حاصل کیے۔
بی ایڈ کے تعلیم کی تکمیل کے بعد عبدالفتاح نے کوئیمپو یونیورسٹی سے 2020 میں اپنا ایم اے مکمل کیا جس میں اسے اول مقام سے نوازا گیا اور تین گولڈ میڈل ان کے حصہ میں آئے۔
فکروخبر بھٹکل دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے عبدالفتاح باپو صاحب کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔
Share this post
