بھٹکل کے چوبیس افراد انڈین کوسٹ گارڈ کی مدد سے ساحل تک پہنچنے میں کامیاب

بھٹکل 12ستمبر 2020(فکروخبر نیوز) شہر بھٹکل کے نوشاد خان کی ملکیت والی قمر البحر نامی کشتی بیچ سمندر میں پھنس جانے کی وجہ سے اس پر سوار چوبیس افراد کا بے حال ہوگیا تھا۔ کل بروز جمعہ صبح دس بجے کوسٹ گارڈ نے انہیں اپنی کشتی پر سوار کرکے کاروار بندر گاہ پہنچایا جہاں سے انہیں ان کے گھروں تک پہنچایا گیا۔ اس موقع پر مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے ذمہ داران میں جناب عنایت اللہ شاہ بندری، جناب عتیق الرحمن صاحب منیری، جناب صادق مٹا اور جناب محی الدین رکن الدین سمیت دیگر سماجی کارکنان بھی کاروار بندرگاہ پہنچے جہاں انہوں نے ان افراد سے ملاقات کرکے ان کا حوصلہ بڑھایا۔ کشتی میں پھنسے افراد کے مطابق یہ ان کی نئی زندگی ہے، انہو ں نے اپنا حال بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ کشتی بدھ کے روز دوپہر دو بجے کے قریب ماہی گیری کے نکلی تھی اور نیترانی جزیرے کے قریب انجن میں خرابی کی وجہ سے وہ وہیں پھنس گئے۔ اس کے بعد انہو ں نے صورتحال سے دوسروں کو آگاہ کیااور پھر ذمہ داران نے حرکت کرتے ہوئے انہیں ساحل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ رپورٹس کے مطابق جمعرات کی رات ہی کوسٹ گارڈ کی ٹیم نیترانی جزیرے کے قریب پہنچ گئی تھی اور صبح قریب دس بجے ان چوبیس ماہی گیروں کو اپنی کشتی پر سوار کرتے ہوئے انہیں کاروار بندر گاہ پہنچایا۔ 

Share this post

Loading...