بھٹکل /جدہ 07؍ اکتوبر 2018(فکروخبر نیوز/ذرائع) بلدجماعت ہال میں بھٹکل کیمونیٹی جدہ ممبران کے لیے العبیر میڈیکل گروپ کے تعاون سے 5اکتوبر شام 5سے رات 8بجے تک میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ممبران کاجنرل چیک اپ کے ساتھ ساتھ بلڈ شوگر ، بلڈ پریشر اور بی ایم آئی کی جانچ کی گئی ۔ اس کیمپ سے جدہ جماعت کے ممبران کے ساتھ ساتھ اطراف کی جماعتوں کے ممبران نے بھی فائدہ اٹھایا۔ بھٹکل کیمونٹی کے جنرل سکریٹری جناب حبیب اللہ محتشم نے کیمپ میں اپنی خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کا استقبال کیا اور جماعت کا تعارف اور اس کی کارکردگی پرصدر جماعت جناب یاسین عسکری نے روشنی ڈالی۔ 04اکتوبر بروز جمعرات شام میں جماعت ہال میں دستوری سالانہ اجلاس بھی منعقد کیا گیا جس میں جماعت کی ایک سالہ کارکردگی پیش کی گئی اور سال 1440کا بجٹ بھی پیش کرکے اسے منظوری حاصل کی گئی۔ اپنے صدارتی خطاب میں یاسین عسکری نے خلیج کے بدلتے حالات کے تناظر میں اپنی بات جاری رکھتے ہوئے سیول سرویز کی اہمیت بھی حاضرین کے سامنے رکھی اور بچوں کو شروع ہی سے اس کے لیے تیار کرنے پر زوردیا۔ اسی اجلاس میں ہندوستان میں معاش کے ذرائع پر ایک خوبصورت پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کیرئیر گائنڈنس کے کنوینر جناب نوید ائیکیری نے پیش کیا ۔ ملحوظ رہے کہ اس پروگرام کا آغاز مولوی قطب برماور کی تلاوت کلام پاک ہوا، مولوی اسامہ منیری نے نعت پیش کی ۔ دعائیہ کلمات پر یہ جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔
Share this post
