بھٹکل جمعیت الحفاظ کا سالانہ اجلاسِ عام، رمضان اور تراویح کے پیشِ نظر حفاظ کو دی گئیں ہدایات، شہر کی جملہ مساجد میں ایک ہی ترتیب رکھنے پر دیا گیا زور

بھٹکل 27؍ مارچ 2021(فکروخبرنیوز) جمعیت الحفاظ بھٹکل کی جانب سے آج تنظیم جمعہ مسجد میں شہر کے جملہ حفاظ کو جمع کرکے رمضان المبارک کے بابرکت ایام گذارنے کی ترتیب اور خصوصی طور پر تراویح کے تعلق سے انہیں اہم ہدایات دی گئیں۔ اسی طرح یہ بات بھی سامنے آئی ہے جن حفاظِ کرام کی تراویح کی ترتیب نہیں بنی ہے انہیں کس طرح تراویح پڑھانے کا موقع دیا جائے۔ اس سلسلہ میں جمعیت کے ذمہ داران نے گذارش کی ہے کہ جن کی ترتیب نہیں بنی ہے وہ فوری طور پر ذمہ داران سے رجوع کرکے اپنی ترتیب بنالیں، ان شاء اللہ ذمہ داران اس سلسلہ میں اپنا بھر پور تعاون پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ذمہ داران نے فکروخبر کو بتایا کہ حفاظ کو یہ ہدایات بھی دی جاچکی ہیں کہ تراویح میں قرآن کریم کی تلاوت کے وقت تجوید و مخارج کا بھی اہتمام کریں اور جملہ مساجد میں ایک ہی ترتیب پر بھی زور دیا۔ شروع کے چار تراویح میں سوا سوا پارہ اور اس کے بعد ایک ایک پارہ کا اہتمام کریں۔ اس ترتیب کے مطابق ختم انتیسویں تراویح کو ہوتا ہے۔ انہوں نے حفاظ سے بار بار گذارش ہے کہ جن کی تراویح کی ترتیب نہیں بنی ہے وہ اپنی ترتیب کے لیے ذمہ داران سے رجوع کریں۔ ذمہ داران نے اس کی بھی وضاحت کی کہ تراویح کے لیے حفاظ کا انتخاب مسجد کے ذمہ داران اور ائمہ کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کی تردید کی جمعیۃ الحفاظ تراویح کے لیے حفاظ کا بندوبست کرتی ہے۔ اگر کسی کی ترتیب نہیں بنی ہے تو جمعیت کے ذمہ داران اس سلسلہ میں کوشش کرتے ہیں۔
اس موقع پر مولانا خواجہ معین الدین اکرمی ندوی ، مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی، مولانا رحمت اللہ رکن الدین ندوی، مولانا ارشاد صدیقی ندوی، مولانا وصی اللہ ڈی ایف ندوی اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ 

Share this post

Loading...