بھٹکل میں جمعیۃالحفاظ کی جانب سے ریاستی سطح پر حفاظ کرام کے درمیان ہو گا مسابقہ حفظ قرآن مجید ،ریاست کے مختلف اضلاع سے حفاظ کرام کریں گے نمائندگی

بھٹکل 25؍ فروری 2019(فکروخبر نیوز) بھٹکل کے حفاظ کا متحدہ پلیٹ فارم جمعیۃ الحفاظ بھٹکل کی جانب سے ریاستِ کرناٹک کے سطح پر پندرہ سال سے کم عمر کے حفاظ کرام اور منگلور تا گوا کے ساحلی اضلاع کے دیگر حفاظ کے مابین مؤرخہ 22؍ اور 23؍ جمادی الثانی 1440 ؁ھ مطابق 28؍ فروری و یکم مارچ 2019بروز جمعرات وجمعہ ایک عظیم الشان مسابقہ حفاظ قرآن کریم احاطۂ مجلس ملیہ نوائط کالونی بھٹکل میں منعقد کیا جارہا ہے ۔اس بات کی جانکاری آج جمعیۃ الحفاظ بھٹکل کے ذمہ داران نے مدینہ ویلفیر سوسائٹی کے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں دی 

    پریس کانفرنس میں مسابقہ کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے جمعیۃ الحفاظ کے ذمہ دار مولانا وصی اللہ ندوی نے بتایا کہ الحمدللہ جمعیۃ کی جانب سے اس سے قبل تین مسابقہ منعقد کیے جاچکے ہیں جن میں ملکی سطح پر نابینا حفاظ کا مسابقہ بھی شامل ہے۔ یہ چوتھا مسابقہ ہے جس میں کل تین گروپ بنائے گئے ہیں۔ پندرہ سال کی عمر کے طلباء کے درمیان ریاستِ کرناٹک کے سطح پر حفظِ قرآن کامسابقہ ہوگااوردیگردو گروپوں میں ساحلی اضلاع بشمول گوا کے حفاظ شرکت کریں گے۔ مسابقہ میں شرکت کے لیے بھٹکل کے تقریباً پانچ سو حفاظ میں سے جنہوں نے فارم پر کیے تھے ۔ ان کے درمیان تین مسابقہ پہلے ہی منعقد کیے جاچکے ہیں اور ان میں سے صرف اکیس حفاظ کاانتخاب مسابقہ کے لیے ہوا ہے۔ ساحلی اضلاع گوا اور کرناٹک کے دیگر حفاظ بھی مسابقہ میں شرکت کے لیے جمعرات کی صبح ہی بھٹکل پہنچ رہے ہیں اور ان کے درمیان بھی مسجد تنظیم میں پہلے مسابقہ ہوگا اور اس میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے حفاظ کو ہی مسابقہ میں شرکت کا موقع دیا جائے گا۔انہوں نے مسابقہ کے انعقادکے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مسابقہ حفظ کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے اور شوق دلانے کی غرض سے منعقد کیے جاتے ہیں اور الحمدللہ اس کے خاطر خواہ نتائج بھی برآمد ہوئے ہیں۔ 

Share this post

Loading...