بھٹکل جامع مسجد میں جمعہ کی نماز میں شام کے مسلمانوں کے حالات دیکھتے ہوئے قنوتِ نازلہ کا اہتمام کیا گیا

بھٹکل 02؍ مارچ 2018(فکروخبرنیوز) عالم اسلام خصوصاً ملک شام میں جنگی حالات اور وہاں مسلمانوں پر ہورہے مظالم کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے جامع مسجد بھٹکل کے امام وخطیب مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے آج جمعہ کی نماز میں قنوتِ نازلہ کا اہتمام کیا۔ سیکڑوں لوگوں کی امامت کرتے ہوئے مولانا موصوف نے شام کے مسلمانوں پر ہورہے مظالم کے ساتھ فلسطین اور دنیا کے مختلف علاقوں میں مسلمانوں کے خلاف برسرِ بیکار باطل طاقتوں کی پرزور مذمت کی ۔ مولانا نے اس موقع پر مسجد اقصیٰ کی بازیابی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کیں۔

جمعہ کی نماز کے بعد امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل نے عوام الناس سے بھی مذکورہ ممالک کے مسلمانوں کے حق میں دعاکرنے بھی درخواست کی ۔ واضح رہے کہ گذشتہ کئی سالوں سے شام پر ہورہے مظالم کی وجہ سے وہاں کے مسلمانوں کی حالت ناگفتہ بہ ہوچکی ہے اور اب تک لاکھوں معصوم لوگ قتل کیے جاچکے ہیں۔ گذشتہ ایک ہفتہ سے اس میں مزید شدت دیکھنے میں آئی ہے اور دمشق میں واقع الغوطہ شہر پر بمباری کی جارہی ہے جس سے روزانہ سیکڑوں افراد ہلاک ہورہے ہیں۔ اس موقع پر مسلمانوں سے درخواست ہے کہ وہ شام کے مسلمانوں کے حق میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں

Share this post

Loading...