بھٹکل 24 اکتوبر 2021 (فکرو خبر نیوز) جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے مکاتب میں آج مکتب جامعہ اسلامیہ موسی نگر، بدریہ کالونی کا اضافہ ہوا۔ آج بعد عصر اس کا افتتاح عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ افتتاحی تقریب میں علماء کرام اور جامعہ کے ذمہ داران نے اپنے احساسات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج اس عمارت کا افتتاح جامعہ کے بانیان کے اخلاص کا نتیجہ ہے ۔ جن مقاصد کے تحت انہوں نے جامعہ کی بنیاد ڈالی تھی آج اس کا ثمرہ ہمیں نظر آرہا ہے۔ انہوں نے بدریہ کالونی کے نوجوانوں کی کوششوں پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے عوام سے درخواست کی وہ اپنے بچوں کو اس مکتب میں داخل کریں اور اپنے لیے ذخیرۂ آخرت بنائیں۔
مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد ندوی نے کہا کہ آج سب سے بڑی ضرورت نئی نسلوں کو ایمان پر باقی رکھنے کی ہے۔ ہم سب کے روحِ رواں اور سرپرست حضرت مولانا رابع صاحب ندوی مدظلہ العالی کا بار بار یہی کہنا ہے ان مکاتب کے ذریعہ ہم اپنی حفاظت کرسکتے ہیں۔ اب آپ کے محلہ میں اس کا قیام عمل میں آیا ہے اس لیے آپ کی بھی ذمہ داری ہے کہ اس کو آگے بڑھانے میں اپنا تعاون دیں۔ مہتمم جامعہ نے مزید کہا کہ ذمہ داران کا یہاں یہ بھی منصوبہ ہے کہ یہاں پر نوجوانوں اور خواتین کے لیے بھی کچھ خصوصی پرگرام منعقد کیے جائیں اس لیے آپ حضرات کو اس تعلق سے بھی فکر مند ہونے کی ضرورت ہے۔
استاد جامعہ اسلامیہ مولانا محمد الیاس ندوی نے کہا کہ جامعہ کے ذمہ داران کو آپ جس علاقہ میں مکتب کے قیام کے لیے کہیں جامعہ کے مالی مسائل کے باوجود ذمہ داران اس کے لیے کوششیں کریں گے۔ مولانا نے ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں مہتمم جامعہ کی بات کی تائید اور اپنی حالیہ ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے ناظم ندوۃ العلماء لکھنوکے حوالہ سے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات مایوس کن ہیں۔ ہمیں ان حالات میں مکاتب کے قیام کے ساتھ ساتھ مساجد کو مرکز بناکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ مولانا نے تاریخ کی روشنی میں کہا کہ 1857 کے بعد ہوں یا پھر 1947 کے بعد کے حالات ہوں ہمارے علماء نے مدارس اور مکاتب کا سہارا لیا اور آج کے ان حالات میں بھی ہمیں مکاتب کے نظام کو مستحکم کرنے اور انہیں قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ مولانا نے مزید کہا کہ آج یہاں کے لوگوں کا جذبہ دیکھ کر نیک شگون مل رہا ہے اور امید ہے کہ ہر طرح کے تعاون کے لیے اپنے آپ کو پیش کریں گے۔
نائب ناظم جامعہ مولانا طلحہ رکن الدین ندوی نے اس عمارت کی تعمیر اور اس جگہ کو فراہم کرنے والوں کا خصوصی شکریہ ادا کر تے ہوئے علاقہ والوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
ناظم جامعہ جناب ماسٹر شفیع صاحب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس کو آباد رکھنے کے لیے فکریں کرنے پر زورد یا ۔اسی طرح مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری مولانا عبدالرقیب ایم جے ندوی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
صدر جامعہ مولانا عبدالعلیم صاحب قاسمی نے اپنے صدارتی کلمات میں جملہ تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہی کی دعا پر مجلس اپنے اختتام کو پہنچی۔
Share this post
