بھٹکل جالی پٹن پنچایت کے کونسلر مصباح الحق پر مبینہ طور پر گاڑھی چڑھانے کی کوشش ، یوجی ڈی کے تین اہلکاروں کے خلاف معاملہ درج

bhatkal, bhatkal jali pattan panchayat, misbahul haque,

بھٹکل16؍ اکتوبر2023 (فکروخبرنیوز) یوجی ڈی کمپنی کے تین اہلکاروں پر جالی پٹن پنچایت کے کونسلر مصباح الحق نے الزام لگایا ہے کہ ایکزاویٹر (چین والی جے سی بی) کے نقل وحمل کے دوران اہلکاروں نے اسی پر ایکزاویٹر چڑھانے کی کوشش کی اور اسے جان سے مارنے کی کوشش کرتےہوئے گالیاں بھی دیں۔ اس تعلق سے مضافاتی پولیس تھانہ میں کنٹریکٹنگ کمپنی کے سُپر وائزر ، سائٹ انجینئر اور ایکزاویٹر کے آپریٹر کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے۔

کونسلر مصباح الحق نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ایکزاویٹر کے نقل وحمل کے لیے حکومتی قوانین کا لحاظ رکھنا پڑتا ہے اور بھٹکل میں یوجی ڈی کام کرنے والی کمپنی اس کو مسلسل نظر انداز کررہی ہے۔ اس سے قبل بھی ایکزاویٹر کے نقل وحمل کے دوران حکومتی قوانین کا لحاظ نہ رکھنے کی وجہ سے کمپنی کو تنبیہہ کی جاچکی ہے اور چیف آفیسر نے جرمانہ بھی عائد کیا ہے ، کمپنی نے اس وقت ایک ایگریمنٹ پر سائن کرتے ہوئے یہ یقین دلایا تھا کہ آئندہ نقل وحمل کے دوران قوانین کا لحاظ رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایکزاویٹر نقل وحمل کے دوران یا تو میٹ کا استعمال کرنا پڑتا ہے یا پھر پرانے ٹائر کا استعمال کرتے ہوئے ایکزاویٹر لے جانا پڑتا ہے اور انہیں نظر انداز کرنے کی وجہ سے پبلک پراپرٹی کا نقصان ہوتا ہے اور یہ چیز ہم برداشت نہیں کرسکتے۔

مصباح نے تازہ واقعہ کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ 13 اکتوبر کی رات جب اہم شاہراہ سے ہاؤسنگ بوٹ ہوتے ہوئے متعلقہ جگہ پر ایکزاویٹر لے جایا جارہا تھا تو انہوں نے ہورلی سال میں مسجد احمد سعید کے قریب روک دیا اور انہیں بتایا کہ نقل وحمل کے قوانین کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے وہ آگے نہیں بڑھنے دیں گے جس پر سپروائزر اور سائٹ انجینر طیش میں آگئے اور یہ کہنے لگے کہ یہ شخص ہمیشہ سے ان کے پیچھے پڑا ہوا ہے اور ان کے کام میں مسلسل رکاوٹیں کھڑی کرتا ہے۔ انہوں نے آپریٹر سے کہا کہ مشین ہی اس پر چڑھادو۔ اسی دوران گھر والے اور پڑوسی جمع ہوگئے جس پر وہ آگے نہیں بڑھ سکے۔ مصباح نے کہا کہ میں نے 112 پر کال کرتے ہوئے پولیس سے مدد حاصل کی۔ پولیس بھی جائے واقعہ پر پہنچی اور تفصیلات حاصل کیں۔

دوسرے دن دیگر کونسلروں میں توفیق بیری ، منیر ، عرفان ، عبدالسلام رکن الدین، عنایت اللہ میڈیکل اور محلہ کے افراد کے ساتھ مضافاتی پولیس تھانہ پہنچ کر معاملہ درج کرلیا ہے۔

Share this post

Loading...