بھٹکل 15؍ستمبر 2018(فکروخبر نیوز) شہر کے جالی علاقہ میں دن دہاڑے پیش آئی چوری کی واردات نے عوام کو اپنے گھروں سے بوقتِ ضرورت بھی نکلنا دشوار بنادیا ہے۔ تہواروں کے موقع پر لوگوں کے گھر محفوظ نہیں ہے اور چور آسانی کے ساتھ دن کے اوقات میں بھی قیمتی اشیاء پر ہاتھ صاف کررہے ہیں۔اہلِ خانہ کے پوجا پاٹ کے لیے جانے کے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے چور کئی قیمتی اشیاء لے کر فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ فکروخبر کو ملی اطلاع کے مطابق یہ واردات ہیبلے پنچایت کے سکریٹری لنگپا نائک کے گھر پیش آئی ہے۔ مذکورہ شخص نے فکروخبر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صبح قریب نو بجے اپنے گھر کا سامنے کا دروازہ لاک کرکے وہ اپنے گھر سے قریب ہی میں منعقدہ پوجا پاٹ کے پروگرام کے لیے اپنے اہلِ خانہ سمیت گیا ہوا تھا۔ وہاں پر لوگوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے انہیں آنے میں تھوڑی تاخیر ہوئی اور وہ دس بجکر پندرہ منٹ پر گھر پہنچا جہاں گھر کی حالت بگڑی ہوئی تھی۔ الماری میں رکھے ہوئے کپڑے بکھرے پڑے تھے اور زیورات سمیت دیگرنقدی بھی غائب تھے۔ ان کے اندازہ کے مطابق قریب دیڑھ سے دو لاکھ مالیت کی چوری ہوئی ہے۔ بھٹکل شہری پولیس تھانہ میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔
Share this post
